حمزہ شہباز کے حلف اٹھانے کا معاملہ ۔لاہورہائیکورٹ سے بڑی خبر آگئی

Apr 20, 2022 | 10:14:AM

( 24نیوز)لاہور ہائیکورٹ میں حمزہ شہباز کے حلف کے لئے درخواست دوبارہ دائر کردی گئی۔

حمزہ شہباز نے اعظم نذیر تارڑ، عطا اللّٰہ تارڑ کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی ہے،حمزہ شہباز کی درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے،حمزہ شہباز کا دائر درخواست میں موقف ہے کہ 16 اپریل کو 197ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہو چکا ہوں، قانون کے مطابق گورنر کو وزیر اعلیٰ کا حلف لینا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ گورنر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرکے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں،حمزہ شہباز نے درخواست میں استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ گورنر پنجاب کو حلف لینے کے احکامات جاری کرے۔

خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست گزشتہ روز نا مکمل قراردے کر واپس کردی تھی اور رجسٹرار آفس نے موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست کے ساتھ مطلوبہ مکمل دستاویزات منسلک نہیں ہیں۔

علاوہ ازیں حمزہ شہباز شریف کے بطور وزیراعلیٰ حلف لینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر اعتراض ختم کر کے سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی جمعرات کو سماعت کریں گے۔

 یہ بھی پڑھیں: قبیلےکاسردارہوں،کوئی کمزورنہ سمجھے،کونسی پارٹی جوائن کرنی ہے؟ دوست مزاری نے  بتا دیا

مزیدخبریں