بھارتی فاسٹ بالر عمران ملک آئی پی ایل میں چھا گیا۔۔گواسکر کی تعریفیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 میں اب تک اگر کسی ایک فاسٹ بالر نے سب سے زیادہ متاثر کیا ہے تو وہ سن رائزرز حیدرآباد کے عمران ملک ہیں۔جنہوں نے ابھی تک بھارتی ٹیم کی طرف سے کوئی میچ نہیں کھیلا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 22 سالہ عمران نے آئی پی ایل کے اس سیزن میں شاندار فاسٹ بالنگ کا مظاہرہ کیا ہے ۔ وہ اب تک 6 میچوں میں 22 کی اوسط سے 9 وکٹیں لے چکے ہیں۔ عمران نے آئی پی ایل 2022 میں اپنی تیز بالنگ سے بڑے بڑے بلے بازوں کو پریشان کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر بھی عمران سے کافی متاثر ہیں اور انہوں نے اس بالر کو اہم مشورہ دیا ہے ۔ اگر عمران اس پر عمل کرلیتے ہیں تو وہ مستقبل میں زیادہ خطرناک گیند باز بن سکتے ہیں ۔سنیل گواسکر نے سٹار سپورٹس شو 'کرکٹ لائیو' میں کہا کہ عمران ملک اپنی رفتار سے بہت موثر رہے ہیں ، لیکن رفتار سے زیادہ ان کی درستگی نے مجھے زیادہ متاثر کیا ہے۔ بہت سے بالر جو اس رفتار سے بالنگ کرتے ہیں وہ لائن لینتھ برقرار رکھنے سے قاصر رہ جاتے ہیں ، لیکن عمران 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے گیند کرتے ہوئے بھی بہت کم وائیڈز پھینکتے ہیں ۔گواسکر نے مزید کہا کہ اگر عمران لیگ سائیڈ کی طرف وائیڈ کو کنٹرول کر لیتے ہیں تو وہ زیادہ خطرناک بالر بن جائیں گے۔ کیونکہ اس کا سیدھا مطلب یہ ہو گا کہ وہ ہر وقت سٹمپ پر بالنگ کریں گے اور جس طرح کی رفتار ان کے پاس ہے، اس کے لئے انکی گیندوں کو مارنا آسان نہیں ہوگا۔ اگر وہ وکٹ ٹو وکٹ بالنگ کرتے ہیں تو وہ کافی حد ایک ناقابل تسخیر گیند باز بننے جارہے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق عمران ملک آئی پی ایل 2022 میں مسلسل 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بالنگ کر رہے ہیں۔ وہ گجرات ٹائٹنز کے لاکی فرگوسن جن کی رفتار 153.9 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے کے بعد اس سیزن میں 153.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بالنگ کرنے والے دوسرے سب سے تیز بالر ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں پنجاب کنگز کے خلاف میچ میں 4 اوورز میں 28 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس میچ میں انہوں نے پنجاب کی اننگز کا آخری یعنی 20 واں اوور پھینکا تھا اور اس اوور کی 6 گیندوں میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں ۔
یہ بھی پڑھیں : محمد عامر کا انگلش کاؤنٹی کرکٹ سے معاہدہ