(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکمران جماعتوں کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں عیدالفطر کے بعد حکمران اتحاد کا سربراہی اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکمران جماعتوں کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس بدھ کی شام وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں ملکی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مشاورتی اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں آئینی وقانونی امور پر مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی جبکہ نگران حکومتوں کے تحت ملک میں ایک ہی دن عام انتخابات کے مؤقف پر بھی مشاورت ہوئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید کے بعد حکمران جماعتوں کا سربراہی اجلاس بلایا جائے، اتحادی جماعتوں میں پہلے سے الیکشن سے متعلق مشاورتی عمل جاری ہے، وزیراعظم اس پر پہلے ہی ایک کمیٹی بھی بناچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: حکومت 27 اپریل تک انتخابات کیلئے فنڈز دے، سپریم کورٹ کا تحریری حکم نامہ جاری
اعلامیے میں کہا گیا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان کی ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی وزیراعظم سے ملاقات بھی اسی عمل کا حصہ ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اجلاس میں اعادہ کیا گیا کہ آئین، جمہوریت اور انتخابات کے انعقاد پر کامل یقین رکھتے ہیں، مذاکرات کے دروازے ہم نے کسی پر کبھی بھی بند نہیں کیے، اجلاس میں سنجیدہ اور آئینی حدود کے اندر مذاکرات کیلئے آمادگی کا اظہار کیا گیا۔