(ویب ڈیسک) گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات پینے پر زور دیا جاتا ہے ۔تازہ پھلوں کے جوسز اور شیکس بہت سی بیماریوں سے بچاتے ہیںاور جِلدکو تروتازہ رکھتے ہیں، ساتھ ہی پیاس کی شدت کو بھی کم کرتے ہیں
موسموں کی تبدیلی قدرت کی انمول نعمتوں میں سے ایک ہے۔ ہر موسم دوسرے سے مختلف ہوتا ہے جس کی بناء پر لوگ ہر موسم کی انفرادیت سے لطف حاصل کرتے ہیں۔ پاکستان کے عوام چاروں موسموں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔یہاں ہر موسم کی مناسبت سے بہترین اور خوش ذائقہ پھل اور سبزیاں وافرپائی جاتی ہیں۔
تاہم ہمار ے ملک کے بیشتر حصوں میں سال کے زیادہ تر مہینوں میں موسم گرم رہتا ہے، ایسے میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات پینے پر زور دیا جاتا ہے ۔
موسم گرما میں لیموں، گنے، تخم بالنگا، فالسے اور صندل سے بنائے جانے والے مشروبات کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ذائقہ دار پھلوں کے رس اور شیک بھی شوق سے نوش کیے جاتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ مشروبات اورشیکس بھی نئے انداز سے بنائے جانے لگے ہیں۔چند مشروبات اورملک شیکس کی تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔
فالسے کا شربت:
کھٹے میٹھے فالسے کا جوس غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ خوبصورت رنگ کے حامل چھوٹے چھوٹے فالسے صحت کیلئے بے شمار فوائد سے مالا مال ہیں ۔ ان کا ذائقہ ترش ہوتا ہے۔ اگرچہ فالسہ موسم گرما میں چند دن کیلئے آتا ہے لیکن اس تھوڑے سے عرصہ کو غنیمت جانتے ہوئے اس پھل کے شوقین اسے کھانا شروع کردیتے ہیں۔
فالسے کا جوس بچے اور بڑے سب ہی شوق سے پیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق فالسے میں قدرتی طور پر ایسے غذائی اجزاء موجود ہوتے ہیں جو کہ ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھتے ہیں اس میں وافر مقدار میں پانی ہوتا ہے، یوں یہ جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا ۔ یرقان اور جگر کے دیگر امراض کی صورت میں بھی مفید رہتا ہے۔ گرمی کے بخار میں ڈاکٹر اس کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ اسی طرح یہ جسم میں خون کی مقدار بڑھانے کے لئے بھی مفید رہتا ہے ۔
اجزاء:
فالسے ۔چار چھٹانک،چینی (سفید دانے دار)۔ چار چھٹانک،دہی۔ چار چھٹانک،لیموں (پتی)۔ ایک چھٹانک۔
ترکیب:
فالسے دھونے کے بعد ان کو ایک گھنٹے کیلئے پانی میں بھگودیں ۔ چینی، دہی، لیموں کا رس اور تھوڑا سا نمک ملا لیں۔ خوب ملا کر کسی صاف کپڑے سے چھان لیں۔ لیجیے مزیدار فالسے کا شربت تیار ہے۔
لیموں کی مزیدار سکنجبین:
پیلے رنگ کا ترش ذائقہ لیموں ہر خاص و عام میں مقبول ہے۔ اسے مشروبات ، کھانوں اور پھلوں میں شامل کر کے استعمال کیا جاتا ہے۔لیموں کی سکنجبین ہر ایک کو پسند ہے۔ موسم گرما میں سکنجبین بنانے والے افراد سڑک کے کناروں پر نظر آتے ہیں۔ لیموں کا رس وٹامن سی کا ذخیرہ ہونے کے ساتھ ساتھ کئی اہم غذائی اجزاء سے مالا مال ہے۔ماہرین کے مطابق یہ موسم گرما میں جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتا۔
اس کا باقاعدہ استعمال چہرے کی جھریاں ختم کرتا ہے۔ موٹاپے سے متاثرہ افراد نہار منہ اس کا استعمال کرتے ہیں، جس سے کچھ ہی عرصے میں ان کے وزن میں کمی آنا شروع ہوجاتی ہے ۔ لیموں ہاضمہ بہترکرتاہے جبکہ سانسوں کو مہکانے کے لئے بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ گردوں میں پتھری سے پریشان افراد اگر اس کا باقاعدہ استعمال کریں تو صحت یاب ہو سکتے ہیں۔ جسمانی نظام کو بہتر کرنے کے لئے لیموں کا استعمال بہت ضروری ہے۔
اجزاء:
لیموں کا رس۔ ایک لیٹر،پانی۔ ڈیڑھ لیٹر،شکر (سفید)۔ ایک کلو سے کم،گلو کوز ۔ڈیڑھ لیٹر،ایسنس لیمن۔ حسب ضرورت،اورنج ایسنس۔ حسب ضرورت۔
ترکیب :
لیموں کا رس ،شکر اور پانی مکس کرکے اسے پکائیں۔ پھر اس میں گلو کوزشامل کرلیں۔ جب شربت ایک جیسا ہو جائے تو اتار کر ٹھنڈ اہونے کے لئے رکھ دیں ۔ اب اس میں لیمن اور اورنج ایسنس ملا دیں۔ بہترین ذائقے کی سکنجبین (لائم جوس کا رڈیل) تیار ہے۔
تخم بالنگا کا شربت:
تخم ملنگا یا تخم بالنگا قدرت کا بیش قیمت تحفہ ہے جو انسانی صحت کے لئے ناگزیر کئی اجزاء سے مالا مال ہے۔ اس کی تاثیر ٹھنڈی ہے اور یہ جسم کی گرمی دور کرتا ہے ۔بنیادی طور پر تخم بالنگا تلسی کے پودے سے حاصل کیا جانے والا بیج ہے ۔ اس کو استعمال کرنے کے لئے اسے پانی میں ایک سے دو گھنٹے بھگو کر رکھا جاتا ہے بعد ازاں اسے مختلف مشروبات میں ڈالا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق تخم بالنگا کے صحت کے لئے بہت سے فوائد ہیں ۔ اس کا باقاعدہ استعمال جسم کی اضافی چربی ختم کرتا ہے جبکہ یہ ہاضمے کے لئے نہایت مفید ہے۔
اس مفید بیج میں آئرن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جو جسم میں خون کی کمی نہیں ہونے دیتی، اسی طرح اس میں موجود زنک بالوں کی نشو ونما اور افزائش کے لئے بھی اہم ہے۔ تخم بالنگا مشروبات کو مزید خوش ذائقہ بناتا ہے جب کہ اس کو دودھ میں شامل کرنے سے اس کی لذت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس میں کیلشیم وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے،لہٰذا یہ ہڈیوں کو مضبوط کرنے کے لئے اہم ثابت ہوتا ہے ۔
درکار اجزاء:
لیموں۔ایک عدد،اسکواش۔تین چائے کے چمچ،پانی ۔ایک لیٹر،تخم بالنگا۔آدھ کپ (پانی میں بھگوئے ہوئے )،گڑ یاشکر ۔آدھ کپ۔
ترکیب :
گڑ کی شکر کو پانی میں حل کرلیں۔ پھراس میں اسکواش، تخم بالنگا اور لیموں کا رس شامل کرلیں ۔ کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں اور پھر ٹھنڈا ٹھنڈا پیش کریں۔
صندل کا شربت:
صندل کا خوش ذائقہ شربت موسم گرما میں دماغ کو تروتازہ رکھتا ہے اوراس کو تقویت بخشتا ہے۔ صندل خوشبودار سدا بہار درخت ہے، جس کی لکڑی بھی بے شمار فوائد کی حامل ہے۔شربت ِصندل موسم گرما کا پسندیدہ مشروب ہے جو کہ نہ صرف ذائقے دار ہوتا ہے بلکہ خوشبو میں بھی لاجواب ہے۔ اسی طرح یہ بلڈ پریشر کنٹرول رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اجزاء:
سفید صندل کا برادہ۔ 70گرام،چینی۔ 750گرام،عرقِ گلاب۔ 750گرام۔
ترکیب:
صندل کا برادہ اچھی طرح صاف کر کے عرق گلاب میں ڈال دیںاور24گھنٹوں تک بھگو دیں ۔ اگلے دن اسےکسی پتیلی میں ڈال کر چولہے پر پکنے کے لئے رکھ دیں ۔ عرقِ گلاب جب خشک ہونے کے بعد آدھا رہ جائے تو پتیلی کو چولہے سے اتار لیں اور کسی کپڑے سے چھان کر اس میں چینی شامل کر دیں۔ اب دوبارہ اس محلول کو ہلکی آنچ پر رکھ کر اس قدر پکائیں کہ ایک تار ہو جائے۔ کسی شیشےکی بوتل کو گرم پانی سےصاف کرنے کے بعدشربت ڈال کر ڈھکن اچھی طرح بند کر دیں ۔ لیجیے صندل کا عمدہ اور خالص شربت تیار ہے ۔
جیلو پائن ایپل شیک:
سیب کے بے شمار فوائد ہیں۔ یہ دل و دماغ کو طاقت دیتا ہے۔ دل کی گھبراہٹ کی صورت میں تازہ سیب یا اس کا مربہ کھانا انتہائی مفید ہوتا ہے۔ اس میں فولاد ،وٹامن اے، کیلشیم اور فاسفورس پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کےلئے ضروری ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ وٹامن بی اور سی بھی موجود ہوتے ہیں۔
اجزاء:
دودھ۔ ایک کپ،کریم۔ 1/2کپ،کاسٹرشوگر۔ 1کھانے کا چمچ،پائن ایپل چنکس۔ 1کپ،اسٹرابیری جیلی۔ 1کپ،برف۔ حسبِ ضرورت۔
ترکیب:
بلینڈر میں تمام اجزا ءڈال کر بلینڈکرلیں۔ جب مشروب اچھی طرح مکس ہوجائے تو اس میں جیلی کے کیوبزشامل کردیں۔ پھرٹھنڈا کر کے پیش کریں۔
کیری کا شربت:
کیری کے طبی فوائد بھی بہت زیادہ ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق آم کی نسبت کیری میں وٹامن سی، بی ون اور بی ٹو زیادہ پایاجاتا ہے۔ کیری میں شدید گرمی کے اثرات اور لو ُسے بچانے کی قدرتی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔یہ نظام ہضم کو فعال بنانے کے ساتھ جسم سے فاضل مادے خارج کرنے میں معاون ہوتی ہے۔ کیری آنتوں کی خرابی کی شکایت رفع کرتی ہے ۔
کچے آم کا چھلکا قابض اور مقوی ہوتا ہے۔ کیری میں موجود وٹامن سی خون کی نالیوں کو زیادہ لچکدار بناتی ہے اور خون کے خلیات کی تشکیل میں بھی مددگار ہوتی ہے۔ غذا میں موجود آئرن کو جسم میں جذب کرنے میں بھی یہ وٹامن کی معاونت کرتی ہے اور جریان خون روکتی ہے۔
شربت کیلئے درکار اجزاء:
کیری۔ایک کلو،چینی۔ایک کلو،پانی۔چار گلاس۔
ترکیب:
کیری کو اچھی طرح سے دھو لیں اور اس کے اوپر کا حصہ صاف کر لیں۔ اس میں چار گلاس پانی ڈال کر اچھی طرح اُبال لیں۔ جب کیری میں اُبال آجائے اور وہ اچھی طرح گل جائے تو چولہا بند کر دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر صاف ہاتھوں سے اس کا گودا نکال لیں۔ اگر گودا اور اس کا بچا ہوا پانی کم ہوجائے تو پانی اور مکس کرلیں اور اس کو ایک کلو چینی کے ساتھ گرائنڈر میں ڈال کرگرائنڈ کر لیں۔ اس کے بعد اس مکسچر کو ایک پتیلی میں ڈال کر پکا لیں۔
مکسچر اتنا ہو کہ پکنے کے بعد ایک لیٹر کی بوتل میں آجائے، لکڑی کا چمچ مسلسل ہلاتے رہیں۔ جب اس کا رنگ تھوڑا تبدیل ہونا شروع ہوجائے، چینی پک جائےاور یہ گاڑھا ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔ جب ٹھنڈا ہوجائے تو ایک بوتل میں بھر کر فریج میں رکھ لیں۔ لیجیے کیری کا شربت تیار ہے۔ اسے جب بھی استعمال کرنا ہو تو ایک گلاس ٹھنڈے پانی میں 2کھانے کے چمچ اس مکسچر کو ڈالیں اور برف ڈال کر ٹھنڈا استعمال کریں۔
جَو کا ستو:
جیسے ہی گرمی کی حدت میں اضافہ اور لُوچلنا شروع ہوتي ہے تو جَوکے ستو کا استعمال عام ہوجاتا ہے۔ جَوکےستو کا شربت گرمی کی حدت کو کم کرکے فوری طبیعت کو ہشاش بشاش کردیتا ہے اور یہ مختلف بيماريوں ميں بھي بے حد مفيد ہے۔ مغربی ممالک میں لوگBarley Waterبہت شوق سے پیتے ہیں کیونکہ وہ اپنے تجربات کی بنا پر اس مفید غذا کی افادیت سے آگاہ ہو چکے ہیں۔ ستو کے شربت سے وہ تمام فوائد حاصل ہوتے ہیں جو کہ جَو کے پانی میں پائے جاتے ہیں۔ گرمی کے موسم میں یہ مشروب راحت جان ہے۔
درکار اجزاء:
جَو کا آٹا۔ 1کلو،شکر۔ 1کلو،لیموں۔ حسبٍ ضرورت۔
ترکیب:
جَو کو اچھی طرح دھو لیں اور اس میں جو بھوسہ ہے اسے نتھار لیں۔ جَو لے کر دھوپ میں ایک دن رکھ دیں پھر اچھی طرح صاف کر لیں۔ اب اسے گرائنڈر میں پیس کر چھانی سے چھان لیں۔ جب بھی شربت بنانا ہو تو ایک گلاس پانی لے کر اس میں تین چمچ شکر ڈال کر ہاتھ والی مدھانی سے بلوئیں۔ اس میں نصف لیموں بھی ڈال سکتے ہیں۔
ثابت جَو کے بجائے دلیہ استعمال کیا جائے تو فوائد زیادہ ہوں گے۔ اگر ستو دستیاب نہ ہو تو جَو کے آٹے کو ہلکی آنچ پر بھون کر ستو تیار کیا جا سکتا ہے۔ شہد کے ساتھ دو چمچ ستو ملا کر پینا کھوئی ہوئی توانائی کو فوراً بحال کرتا ہے۔
کوکو نٹ اینڈ ڈیٹ شیک:
اجزاء:
دودھ ۔ایک کپ،کوکونٹ ملک۔ ایک کپ،شہد ۔دو کھانے کے چمچ،کھوپرا۔ ایک چوتھائی کپ (پسا ہوا)،کھجور ۔ایک چوتھائی کپ،کریم۔ آدھا کپ،برف۔ حسبِ ضرورت۔
ترکیب:
بلینڈر میں دودھ، کوکونٹ ملک، شہد، پسا کھوپرا، کھجور، ٹیٹرا پیک کریم اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔گلاس میں نکال لیں اور ٹھنڈا پیش کریں۔
سمرپیچ ڈرنک:
اجزاء:
آڑو۔ ایک کپ،چینی ۔دو کھانے کے چمچ،لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ،ٹھنڈا پانی۔ ایک کپ،برف۔ حسبِ ضرورت،پودینہ۔ گارنش کے لیے،آڑو ۔سلائس گارنش کے لیے۔
ترکیب:
بلینڈر میں کٹے آڑو، چینی، لیموں کا رس، ٹھنڈا پانی اور برف ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کریں۔ پھر گلاس میں نکال کر پیش کریں۔
اسٹرابیری کوکونٹ کریم اسموتھی:
اجزاء:
اسٹرابیری ۔آدھا کلو، چینی۔ ایک کپ،برف ۔ حسب ضرورت،دودھ۔تین کپ،کوکونٹ کریم۔ ایک کپ۔
ترکیب:
ایک بلینڈر میں اسٹرابیری،چینی اور دودھ ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔کوکونٹ کریم اور برف ڈال کر بلینڈ کریں اور ٹھنڈا پیش کریں۔