(علی رامے ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نکی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 14 واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب کی تمام مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 14 واں اجلاس ہوا ،جس میں اہم فیصلے کئے گئے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کے فیصلے کی منظوری دی ، اجلاس میں دوران ملازمت شہید یا وفات پانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے بچوں و بچیوں کو بھرتی میں عمر کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کابینہ نے پولیس رولز 1934 میں ترامیم کی بھی منظوری دی۔
محسن نقوی نے عید تعطیلات پر صوبائی وزراء کو دارالشفقت، جیلوں اور ہسپتالوں کے دورے کرنے کی ہدایت کر دی ۔ان کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیوں میں کم حیثیت طبقات کو شریک کریں، یہی آپ کی حقیقی عید ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شالا مار باغ، قطب الدین ایبک مینار، شاہدرہ کمپلیکس بشمول مقبرہ جہانگیر، مقبرہ نور جہاں، مقبرہ آصف جاہ اور اکبری سرائے کا انتظامی کنٹرول والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو منتقل کرنے کی مشروط منظوری دی، شاہی قلعہ کا بھی مکمل انتظام والد سٹی آف لاہور اتھارٹی کو دینےکا فیصلہ کیا گیا ۔
فوڈ آپریشن کے لئے مارک اپ میں 18 ارب روپے کی ریکارڈ کمی پر کابینہ نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے اظہار تشکر کیا جبکہ کابینہ نے سیکرٹری خزانہ کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔
رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے زیرانتظام لاہور کے 5 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے آپریشنل اخراجات کو پورا کرنے کیلئے 200ملین روپے کے فنڈز کی منظوری عمل میں لائی گئی ۔ سرگودھا میڈیکل کالج اور نواز شریف میڈیکل کالج گجرات کے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے الحاق ، پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ،کمیٹی اتھارٹی کے عہدوں پر بھرتی کے لئے طریقہ کار اور اہلیت کے معیار کا تعین کرے گی۔
ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے آرڈیننس کے نوٹیفکیشن کے اجراء کی توثیق کی گئی .لاہو رپارکنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر بلال فیروز کی تعیناتی کی منظوری دہ گئی ،پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر جاوید بدر کی تعیناتی کی منظوری مل گئی ۔
دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نےکوئٹہ گیمز میں شرکت کے لئے اخراجات کو کم کرنے کی ہدایت کر دی ۔پنجاب فلم سنسر بورڈ کی از سر نو تشکیل کی منظوری دی گئی۔جس کے توقیر احمد ناصر چیئرمین ہوں گے۔
انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نےچاند رات اور عیدالفطر کے سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ سنٹرز پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام کی بھی اجلاس میں شرکت کی ۔