آندھی اور گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ،محکمہ موسمیات نے الرٹ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے وفاقی دارلحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، اسلام آباد اور شمالی بلوچستان میں بیشتر مقامات پر موسلادھار بارش، آندھی،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں اور دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ہے،اس کے علاوہ موسلادھار بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح آندھی،جھکڑ،ژالہ باری،گرج چمک اور تیز بارش کے باعث کھڑی فصلوں، کمزور انفرا سٹرکچر (بجلی کے کھمبے، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ) کو نقصان کا بھی اندیشہ ہے،بارشوں کا یہ سلسلہ 22 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موسم کے بدلتے تیور ،شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں مطلع مکمل صاف ہوگیا،سورج نے آنکھیں دیکھانا شروع کردی،تیز دھوپ نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق شہر میں موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ،گرمی کی شدت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،اس کے علاوہ جنوب مغرب سمیت سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 39 فیصد ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 23 اپریل سے بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا۔ اپر پنجاب کے علاقوں میں 23اپریل کو ہلکی بارش کا امکان ہے، 26 سے 29 اپریل اپر پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری کاامکان ہے۔
18 سے 21اپریل کے دوران بارشوں کا الرٹ پہلے ہی سے پنجاب بھر میں جاری کیا جاچکا ہے، کسان گندم کی فصل کی کٹائی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ چوبیس گھنٹے الرٹ ہے، موسم کی نئی صورتحال سے بھی صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیاہے۔