مالی سال کے پہلے 9 ماہ :پاکستانی برآمدات میں 7.82 فیصد اضافہ
آئی ٹی ایکسپورٹ میں سالانہ بنیاد پر 13 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد اضافہ ہوا

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستانی برآمدات میں سات اعشاریہ 8 دو فیصد اضافہ ہوگیااور حجم 24 ارب 71 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ۔
رواں مالی سال کے پہلے نوماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات میں 22 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،برآمدات جولائی تا مارچ دو ارب 43 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں،بیرون ملک پاکستانی ٹیکسٹائل ، لیدر مصنوعات ، پھل ، سبزیوں ، مچھلی ، گوشت ، گندم کی مانگ بھی بڑھ گئی،رواں مالی سال کے دوران برآمدات کا مجموعی ہدف 32 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔
عالمی سطح پر تجارتی جنگ چھڑنے کے باوجود پاکستانی برآمدات کے نتائج حوصلہ افزا ہے اور مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 1 ارب 79کروڑ ڈالر کا اضافہ ہواہے ۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا مارچ پاکستانی برآمدات 24 ارب71 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہیں جو پچھلے سال اس مدت میں 22 ارب 92 کروڑ ڈالر تھیں ، غذائی اشیاء کی برآمدات 1.62 فیصد اضافےسے5ارب 74کروڑ ڈالر رہیں ، باسمتی چاول کی برآمد میں 8.78 فیصد اور چینی کی ایکسپورٹ میں 18.31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ٹیکسٹائل کی برآمدات نو ماہ میں 9.38 فیصد بڑھ کر 13 ارب 61 کروڑ ڈالر سے زائد رہیں جن میں خام کپاس ، سوتی دھاگہ ، کپڑے ، نیٹ ویئر ، بیڈ ویئر ، تولیے اور ریڈی میڈ گارمنٹس شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مقامی پیداوار بڑھانے کیلئے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد محدود کرنے کا مطالبہ
کیمکلز کی برآمدات 8.22 فیصد بڑھ کر 1 ارب 19 کروڑ ڈالر، ادویات کی برآمدات 45 فیصد اضافےسے35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں ۔ پلاسٹک میٹریل کی برآمدات 26 فیصد اضافے سے 36 کروڑ 76 لاکھ ڈالر، البتہ فٹبال سمیت کھیلوں کی مصنوعات ، قیمتی پتھروں ، فرنیچر اور آٹو پارٹس کی برآمدات میں کمی آئی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی آئی ٹی برآمدات مارچ میں31 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں جو ماہانہ بنیادوں پر اب تک کی سب سے بلند سطح ہے، جولائی تا مارچ آئی ٹی برآمدات 22 فیصد اضافے سے 2 ارب 43 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق آئی ٹی ایکسپورٹ میں سالانہ بنیاد پر 13 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد اضافہ ہوا ہے۔