(24 نیوز)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ 16 سے 19 اپریل تک کی پیشرفت رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کر دی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 73 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئیں، 172 گاڑیاں ضبط کر کے انہیں عدالتی پراپرٹی قرار دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لاپرواہی اور اوور سپیڈنگ پر 6 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا،غیر رجسٹرڈ 7 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں اور مختلف خلاف ورزیوں پر 1099 جرمانے کیے گئے،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ اوور اسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔
مزید پڑھیں:رانا ثناءاللہ کا شرجیل میمن سے رابطہ: کینال مسئلے کو بات چیت سے حل کرنے پر اتفاق
وزیراعلیٰ سندھ نےحکم دیا کہ گاڑیوں میں پریشر ہارن کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور زیبرا کراسنگ پر پیدل چلنے والوں کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں،، اضافی لائٹس اور غیر ضروری آوازوں والی گاڑیوں پر فوری چالان کیا جائے اس کے ساتھ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے ٹریفک قوانین کا شعور عام کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو ہدایت بھی دی ہے کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے قانون کی مکمل عملداری کو یقینی بنایا جائے۔