(24 نیوز)موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا میں کافی کچھ تبدیل ہو رہا ہے اور اب انکشاف ہوا ہے کہ اس کے نتیجے میں دنیا کی مقبول ترین غذاؤں میں سے ایک چاول کینسر کا شکار بنانے والی غذا میں تبدیل ہو رہی ہے۔
امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 2050 تک چاولوں میں آرسینک یا سنکھیا کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج بڑھنے سے سطح زمین کا کیمیائی نظام تبدیل ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:صحت کیلئے خطرناک آم کو کیسے پہچانیں؟
یہ تبدیلیاں کاشت کے دوران چاول کے پودوں میں سنکھیا کی مقدار بڑھانے کا باعث بن رہی ہیں۔
چاول اگانے والے بیشتر خطوں خصوصاً جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا میں چاولوں میں سنکھیا کی موجودگی پہلے ہی ثابت ہوچکی ہے۔
مگر موسمیاتی تبدیلیوں نے اس زہریلے عنصر کی سطح میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے کیونکہ چاولوں کے پودے زیادہ سنکھیا کو جذب کر رہے ہیں جس سے صحت کو لاحق خطرات میں ڈرامائی حد تک اضافہ ہوا ہے۔