واجبات گلیسپی نے ادا کرنے ہیں، سابق ہیڈکوچ کے الزامات پر پی سی بی کا مؤقف

Apr 20, 2025 | 23:31:PM

(24نیوز)پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈکوچ   جیسن گلیسپی کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر معاوضہ ادا نہ کرنے کے الزام پر پی سی بی کا مؤقف سامنے آگیا۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہےکہ جیسن گلیسپی کے واجبات کی عدم ادائیگی کے الزامات میں حقیقت نہیں، سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی بغیر نوٹس دیے اپنا عہدہ چھوڑ گئے تھے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق معاہدے میں فریقین کے چار ماہ کے نوٹس کی شق موجود ہے، جیسن گلیسپی نے نوٹس نہیں دیا، واجبات اُن کی طرف نکلتے ہیں، واجبات کے لیے جیسن گلیسپی کے ایجنٹ نے بھی بورڈ سے رابطہ کیا تھا، ایجنٹ کو بھی بورڈ نےآگاہ کیا تھا کہ جیسن گلیسپی پہلےواجبات کلیئر کریں، پھر باقی حساب بھی کلیئر کرلیں گے۔ 
خیال رہے کہ ایک حالیہ انٹرویو میں جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ ان کے دل میں پاکستان کرکٹ کے لیے کوئی منفی جذبات نہیں ہیں، تاہم انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہیں اب تک 9 ماہ کی کوچنگ کا معاوضہ نہیں ملا۔جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ میں ابھی بھی اس کام کا معاوضہ ملنےکا منتظر ہوں جو میں نےکیا ہے، یہ تھوڑا مایوس کن ضرور ہے، امید ہےکہ یہ معاملہ جلد حل ہو جائےگا۔

اس سے قبل گلیسپی نے کہا تھا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ ان کے تجربے نےکوچنگ سے ان کی محبت کو متاثر کیا ہے، جیسے یہ سب ختم ہوا وہ مایوس کن تھا، اس نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ کیا میں دوبارہ فل ٹائم کوچنگ کرنا چاہتا ہوں یا نہیں۔

اس سے پہلے وہ پاکستان کے عبوری ہیڈکوچ عاقب جاوید پر ان کے اختیارات کو کمزور کرنے کا الزام بھی لگا چکے ہیں۔

مزیدخبریں