(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نژاد سنتھیا رچی کا ہوش میں آنے کے بعد کہنا ہے کہ دو بھارتی شہریوں نے انہیں نشہ آور چیز دی تھی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ایک فلیٹ میں مقیم امریکی نژاد فلم ساز اور بلاگر سنتھیا رچی نے ہوش میں آنے کے بعد پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سنتھیا نے بتایا دو بھارتی شہری ان کے اپارٹمنٹ میں آئے تھے، انہوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کام نہ کروں، اس کے بعد بھارتی شہریوں نے انھیں کوئی نشہ آور چیز دی۔
دوسری جانب پولی کلینک کے ذرائع نے بتایا کہ سنتھیا رچی کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، انہیں آج دوپہر بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سنتھیا کی حالت تسلی بخش ہے تاہم غنودگی طاری ہے۔
پولی کلینک ذرائعکے مطابق ڈاکٹرز کی تجویز پر سنتھیا رچی کے ابتدائی ٹیسٹ کر لئےگئے ہیں، ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر گھر بھجوانے کا فیصلہ ہوگا، ڈاکٹرز نے سنتھیا کی ٹاکسیکالوجی کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا، جس میں زہر کی تصدیق کی جائے گی، اس مقصد کے لیے ڈاکٹرز نے سیمپلز بھی حاصل کیے، جو فرانزک ایجنسی لاہور بھجوائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی نژاد سنتھیا ڈان رچی اپنے فلیٹ میں بے ہوش پائی گئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ ان کو ہمسائے نے فلیٹ میں بے ہوش پایا اور انہیں ہسپتال پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں:پاک ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز،دوسرا میچ آج کھیلا جائیگا