(مانیٹرنگ ڈیسک)طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ابھی اقتدار کا خلا ہے لہذا پہلے جامع حکومت کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان طالبان سہیل شاہین نے چین کے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین نے افغانستان میں امن و مفاہمت کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ چین بڑا ملک ہے جس کی بڑی معیشت اور صلاحیت ہے، وہ افغانستان کی تعمیرنو، بحالی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ چین کا شمار دنیا کی سپر پاورز میں ہوتا ہے لیکن امریکا، روس اور برطانیہ کے برعکس چین نے اب تک افغانستان میں طاقت کا استعمال نہیں کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں ابھی اقتدار کا خلا ہے اس لئے ملک میں سب سے پہلے جامع حکومت کے قیام کی ضرورت ہے، نئی حکومت کے قیام کے لئے جاری مذاکرات میں تمام افغانوں کو مدنظر رکھا جائے گا اور آنے والی حکومت میں بہت سے لوگوں کا مناسب انتخاب کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ عام فریم ورک ہے، اس کے بعد عام انتخابات کئے جائیں گے تاہم ابھی بہت سارا کام ہے اور اس کےلیے کافی سارا وقت درکار ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ طالبان کے وفد نے چین میں وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی تھی، اس حوالے سے چینی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی تھی کہ افغان طالبان معتدل اسلام کی پالیسی کو اختیار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:عدالت کا رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے والے ملزم کے حوالے سے فیصلہ آ گیا
افغانستان کی ترقی میں چین کے کردار کا خیر مقدم کریں گے۔۔ ترجمان طالبان
Aug 20, 2021 | 17:07:PM