(ویب ڈیسک) بھارت کے فاسٹ بالر محمدسراج نے صرف 7 ٹسٹ میچوں میں اپنی بہترین کارکردگی سے دنیائے کرکٹ کو یہ دکھا دیا ہے کہ ان کا مستقبل کتنا روشن ہے۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالرنے حال ہی میں لارڈز ٹیسٹ میں اپنی بہترین فاسٹ بالنگ کی بدولت بھارت کو کرشمائی جیت دلائی۔ لارڈز ٹیسٹ کی دونوں اننگوں میں محمد سراج نے 4-4 وکٹ حاصل کئے اور بھارت نے یہ میچ 151 رنوں سے جیتا۔ محمد سراج کی اس کارکردگی کو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی سراہا جا رہا ہے۔
بھارت کے نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سابق کرکٹر سے لے کر صحافی تک محمد سراج کی گیند بازی کا لوہا مان رہے ہیں۔ پاکستان کی مشہور سپورٹس جرنلسٹ زینب عباس تو محمد سراج کی فین ہی ہوگئی ہیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو میں محمد سراج کو ورلڈ کلاس گیند باز بتایا۔زینب عباس نے کہا کہ محمد سراج ورلڈ کلاس گیند باز بنتے جا رہے ہیں، جس طرح سے انہوں نے آسٹریلیا میں وکٹ حاصل کئے اور اب لارڈز میں بھی انہوں نے وکٹ لئے ہیں۔ محمد سراج کے پاس سپیڈ ہے، ان کے پاس گیند کو قابو میں رکھنے کی قابلیت ہے۔ وہ گیند کو باہر کی طرف لے جاتے ہیں اور ان کی لائن لینتھ کمال کی ہے‘۔
زینب عباس نے کہا کہ بھارت کے پاس 15-10 سال پہلے ایسے فاسٹ بالر نہیں تھے۔ اب بھارت کے تیز بالروں کی وجہ سے الگ ٹیم بن چکی ہے۔ زینب عباس نے کہا ’بمراہ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ ایشانت شرما نے بہترین بالنگ کی۔ محمدسمعی کو بھولنا نہیں چاہئے۔ محمد سمعی نے تو غضب کی بیٹنگ بھی کی۔ ان کی جسپریت بمراہ کے ساتھ شراکت نے پورا میچ پلٹ دیا‘۔ زینب عباس نے کہا آج کی کرکٹ میں کوئی پچھلا بیٹسمین نہیں ہے۔ آپ کو ایک اچھا بالر تو ہونا ہی چاہئے، لیکن آپ کو بیٹنگ بھی آنی چاہئے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی ضرورت ہے۔ بلے بازی کے لئے پچ اچھی ہوچکی ہے۔ آپ 90 کی دہائی کی طرح نہیں کھیل سکتے۔ اچھا کرکٹ کوئی بھی کھیلے، آپ کو اس کی تعریف کرنی چاہئے‘۔
یہ بھی پڑھیں: طالبان کے قبضے کے بعد بھارتی سیاستدان آپس میں لڑ پڑے