(ویب ڈیسک)روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ملک کی آبادی میں اضافہ کیلئے خواتین کیلئے پرکشش انعامات کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے ملک کی آبادی کو بڑھانے کیلئے ایک ایسی سکیم کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 10 یا اس سے زائد بچے جنم دینے والی خواتین کو سوویت یونین دور کے اعزازی خطاب ’مدر ہیروئن‘ دیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق ایسی خواتین کو 16 ہزار ڈالرز سے زائد ( 34 لاکھ روپے سے زائد رقم) انعام میں بھی دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق روسی صدر کی جانب سے یہ سکیم کورونا وبا کے دوران بچوں کی پیدائش کی شرح میں غیر معمولی کمی اور یوکرین جنگ میں ہزاروں روسی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب اتنی بڑی رقم اور میڈل کو حاصل کرنے کیلئے خواتین کو کچھ شرائط پوری کرنا ہوں گی جن میں تمام 10 بچوں کا زندہ ہونا ضروری ہے۔اس کے علاوہ یہ رقم اس وقت ادا کی جائے گی جب خاتون کا دسواں بچہ ایک سال کا ہوجائے گا جبکہ ان تمام بچوں کی بہتر پرورش کرنا بھی ضروری ہے، جن میں بہتر تعلیم، صحت ، اخلاقیات وغیرہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسد عمر کے گھر چھاپے کا معاملہ، اسلام آباد پولیس کا موقف بھی سامنے آگیا