آرمی چیف کے عہدے کی دوڑ میں شامل لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا

Aug 20, 2022 | 10:36:AM
 آرمی چیف کے عہدے کی دوڑ میں شامل لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا
کیپشن: فائل فوٹو, لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) اس وقت ملک میں سیاسی گہما گہمی اور دوسرے معاملات کے ساتھ ساتھ جس موضوع پر سب سے زیادہ بحث چل رہی ہے وہ نئے آرمی چیف کی تقرری ہے کیونکہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اس سال نومبر میں اپنے عہدے کی معیاد پوری کر رہے ہیں۔ ریاست کے سب سے بڑے ادارے کی کمان کسی کے حوالے کرنا معمولی بات نہیں ہے۔ پاکستان میں آرمی چیف کی نامزدگی کا اختیار چونکہ وزیراعظم کے پاس ہے اس لیے جب بھی آرمی چیف کی نامزدگی کامرحلہ آتا ہے قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں۔

موجودہ حالات میں جن جنرلز کا نام اگلے چیف آف آرمی سٹاف کی سنیارٹی لسٹ میں آتا ہے ان میں سے ایک لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا بھی ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا ایک ہی بیچ سے تعلق رکھنے والے 4 امیدواروں میں سب سے سینئر ہیں۔ ان کا تعلق سندھ رجمنٹ سے ہے جو موجودہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کا پیرنٹ یونٹ ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا فوج میں بہت متاثر کن کریئر رہا ہے اور گزشتہ 7 برسوں کے دوران انہوں نے اہم لیڈرشپ عہدوں پر بھی کام کیا ہے۔ ان کو جنرل راحیل شریف کے آخری دو برسوں میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی حیثیت سے توجہ ملنا شروع ہوئی۔اپنی اس حیثیت میں وہ جی ایچ کیو میں جنرل راحیل شریف کی اس کور ٹیم کا حصہ تھے جس نے شمالی وزیرستان میں تحریک طالبان پاکستان کے خلاف آپریشن کی نگرانی کی اور کواڈریلیٹرل کوآرڈینیشن گروپ میں بھی کام کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاک فوج کا نیا سربراہ کون ہوگا ؟ ملک میں نئی بحث چھڑ گئی

پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا پر مشتمل اس گروپ نے ہی بین الافغان مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، سرتاج عزیز کی زیر قیادت گلگت بلتستان میں اصلاحات کے لیے بننے والی کمیٹی کا بھی حصہ تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل بننے کے بعد انہیں چیف آف جنرل سٹاف تعینات کیا گیا جس کا مطلب یہ تھا کہ وہ فوج میں عملی طور پر چیف آف آرمی سٹاف کے بعد دوسری طاقتور ترین شخصیت بن گئے۔ اس حیثیت میں وہ خارجہ امور اور قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلہ سازی میں شامل رہے۔ 2021ء میں چینی وزیر خارجہ وینگ ژی کے ساتھ ہونے والی اسٹریٹجک بات جیت میں بھی وہ سابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ تھے۔

اکتوبر 2021ء میں انہیں کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیا گیا تاکہ انہیں آپریشنل تجربہ حاصل ہوجائے اور وہ اہم عہدوں کے لیے اہل ہوجائیں۔  دفاعی تجزیہ نگاروں کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا چیف آف آرمی اسٹاف یا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بننے کے لیے ایک مضبوط امیدوار ہیں۔