(ویب ڈیسک) صومالیہ کے دارالخلافہ موغا دیشو میں مسلح حملہ آوروں نے ایک ہوٹل پر حملہ کر دیا۔
مسلح حملہ آوروں نے ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل ہوٹل کے باہر دو کار بم دھماکے کیے اور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہو گئے جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے تاحال معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔
صومالیہ کے سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے بارود سے بھری ہوئی 2 گاڑیوں کے ذریعے پہلے موغادیشو کے ہوٹل حیات کے باہر دھماکے کیے گئے۔ایک گاڑی ہوٹل کے راستے پر موجود رکاوٹوں سے ٹکرائی جبکہ دوسری گاڑی ہوٹل کے دروازے سے ٹکرائی گئی جس کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہوئے اور وہ اب تک ہوٹل کے اندر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب، ٹریفک حادثے میں 6 پاکستانی مزدور جاں بحق
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ القاعدہ کے ذیلی دہشتگرد گروہ الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
یاد رہے کہ حیات ہوٹل صومالیہ میں اعلیٰ سیاسی اور حکومتی شخصیات کے لیے ایک پسندیدہ جگہ سمجھی جاتی ہے جبکہ الشباب کے دہشتگردوں کی جانب سے 2020ء میں موغا دیشو ہی کے ایک اور ہوٹل پر حملے کے دوران 16 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔