عمران خان کا نوازشریف، فضل الرحمان ،خاتون مجسٹریٹ اور آئی جی پر مقدمہ کرنے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر شہباز گل کیخلاف کیس ہو سکتا ہے تو نوازشریف، فضل الرحمان، رانا ثنااللہ، خواجہ آصف، خاتون مجسٹریٹ ،آئی جی ، ڈی آئی جی اسلام آبادسمیت سب پر کیس کرینگے۔
ایف نائن پارک میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاکہ 24 گھنٹے میں کال دینے پر عوام بڑی تعداد میں باہر نکلی جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،عمران خان نے کہاکہ چنگیزخان جس علاقے کو فتح کرتا وہاں کھوپڑیوں کے مینار بناتا، کچھ لوگوں کو زندہ چھوڑ دیتا جو چنگیز خان کی دہشت بارے بتاتے، چنگیز خان جہاں جاتا لوگ لڑے بغیر اس کے آگے ہتھیار ڈال دیتے ۔
عمران خان نے کہاکہ اس وقت پاکستانیوں کو غلام بنانے کیلئے دہشت پھیلائی جا رہی ہے، شہباز گل کیساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس کے بیان کی وجہ سے نہیں ،نوازشریف، مریم نواز، خواجہ آصف ، فضل الرحمن کیا کچھ کہہ چکے ہیں،پی ڈی ایم نے ایسی باتیں کرکے قومی ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی،انہوں نے کہاکہ شہباز گل پر تشدد سے یہ بتانے کی کوشش ہے ہم پاکستان کے قانون سے اوپر ہیں، ڈرانے کی کوشش کی گئی کہ ہم سب دیکھ کر ڈر جائیں گے، پاکستانیوں کیلئے یہ فیصلہ کن وقت ہے، اگر ہم اس خوف کے سامنے جھک گئے تو ہمارے سامنے غلامی ہے، فرعون ہمیشہ خوف کی بنیاد پر لوگوں کو غلام بناتے تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ 26 سالہ سیاست میں پہلی دفعہ ایک زندہ قوم دیکھ رہا ہوں، ہم سب نے ملکراس ظلم کا مقابلہ کرنا ہے، بیرونی سازش کے تحت ان چوروں کو ہم پر مسلط کر دیا گیا، ان چوروں کو مسلط رکھنے کیلئے خوف پھیلایا جا رہا ہے، انہوں نے کہاکہ25 مئی کی تاریخ پاکستانی قوم کبھی نہیں بھولے گی ، پرامن احتجاج پر دہشتگردی کی گئی، دہشت پھیلائی گئی، خواتین اور بچوں پر بے دردی سے شیلنگ کی گئی، سب سن لو ہم چوروں کے ٹولہ کو تسلیم نہیں کرینگے، جتنا مرضی خوف پھیلائیں عوام کے سمندر کو نہیں روک سکتے،قوم جاگ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نجی بینک کی اپیلیں مسترد، صدر عارف علوی کا فراڈ سے متاثرہ صارفین کو رقم واپس دینے کا حکم