(ویب ڈیسک )رواں سال پاکستان اور سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا، پینل میں پاکستان اور بھارت سے 15 جبکہ 4 غیر ملکی کمنٹیٹرز کو شامل کیا گیا ہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق معروف بھارتی بروڈ کاسٹر گروپ کی جانب سے ایشیا کپ کمنٹری پینل کے نام شیئر کیے گئے ہیں ، جنہیں دیکھ کر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کی کارستانی صاف صاف عیاں ہو تی ہے، ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے لیکن کمنٹری پینل میں صرف 4 نام شامل کیے گئے ہیں جبکہ بھارت کے 11 کمنٹیٹرز کو شامل کیا گیا ہے ۔
براڈ کاسٹرز اسکائی اسپورٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایشیا کپ کیلئے 19 رکنی کمنٹری پینل کا اعلان کیا گیا، کمنٹری پینل میں پاکستان بھارت، انگلینڈ، سری لنکا، آسٹریلیا اور زمبابوے کے کمنٹیٹرز کو شامل کیا گیا ہے،پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم، وقار یونس، عامر سہیل اور بازد خان ایشیا کپ میں کمنٹری کرتے نظر آئیں گے،بھارت کی بات کی جائے تو روی شاستری، سنجے منجریکر، گوتھم گھمبیر اور ہربھجن سنگھ، سمیت بھارت کے گیارہ سابق کرکٹرز اس پینل میں شامل ہیں، کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کو بھی ایشیا کپ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
اسی طرح سری لنکا کے اتاپتو، انگلینڈ کے ڈامنک کارک، آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن اور زمبابوے کے اینڈی فلاور بھی پینل میں شامل ہیں،خیال رہے کہ ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست سے پاکستان کے شہر ملتان سے ہوگا،ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلے جانے والا یہ ایونٹ دو مراحل میں پاکستان اور سری لنکا میں ہوگا، ایونٹ کا پہلا میچ ملتان میں ہوگا جس میں میزبان ٹیم پاکستان اور نیپال آپس میں ٹکرائیں گی۔
یہ بھی ذہن میں رہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے فی الحال اس پینل کو اپنی ویب سائٹ پر جاری نہیں کیا ہے۔