(24 نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی متاثرہ مسیحی خاندانوں کی داد رسی کیلئے ان کے پاس پہنچ گئے۔
وزیر اعلیٰ نے متاثرین کے مسائل سنے اور جلائے گئے گھروں کے مالکان کیلئے20،20 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کی جانب سے ضرورت کی اشیاء بھی تقسیم کی گئیں۔
مالی امداد کی منظوری کیلئے تاریخ میں پہلی بار پنجاب کابینہ کا اجلاس بھی چرچ میں ہی ہوا۔
یہ بھی پڑھیے: سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات کیسے ختم ہوں گے؟
اسی حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزراء کے ہمراہ دانش اسکول جڑانوالہ میں ریلیف کمیمپ کا دورہ کیا۔ متاثرین کو دلاسہ دیا اور ان کے بچوں سے شفقت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے اور نقصان کے ازالے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کہا کہ مسیحی عبادت گاہوں کو جلد اصل حالت میں بحال کریں گے، پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور ساتھ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کی جلد رجسٹریشن کرنے کی ہدایت بھی کی۔