(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے سینئر اداکار متھن چکرورتی بھی کولکتہ میں بہیمانہ جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونےوالی خاتون ڈاکٹر کے لیے بول پڑے اور واقعے میں ملوث افراد کوجلد از جلد کڑی سزا دینے کامطالبہ کردیا۔
متھن چکرورتی نے بنگالی زبان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کئی جگہوں پر کئی بار کہہ چکا ہوں کہ آنے والے دنوں میں مغربی بنگال کے حالات مزید خراب اور خوفناک ہوجائیں گے۔
متھن چکرورتی نے کولکتہ ریپ کیس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہولناک واقعے کے بعد میں بنگالی ہونے کی حیثیت سے سر اٹھا کر نہیں چل سکتا،اس خوف ناک واقعے کا شکار ہونے والی خاتون ڈاکٹر کے اہلخانہ کے ساتھ میری دلی تعزیت ہے جبکہ میرا مطالبہ ہے کہ اس واقعے میں ملوث افراد کوجلد از جلد سزا دی جائے، بنگال میں ریپ کے بڑھتے ہوئے کیسز ریاست کے لاء اینڈ آرڈر پر سوالیہ نشان ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کولکتہ ریپ کیس،محسن عباس حیدر نے دنیابھرکی خواتین سے معافی مانگ لی
کولکتہ ریپ کیس کے خلاف بالی ووڈ فن کار بھی سراپااحتجاج
واضح رہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا، آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں،اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا،کولکتہ پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ریپ کیس میں ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جو پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو ہسپتالوں میں داخل کرانے اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔