(24نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے غریب طالب علموں کی سپورٹ کیلئے انڈاؤمنٹ فنڈ بنانے کا اعلان کردیا ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ضرورت مند اور غریب گھرانے کے طلبہ کی امداد کیلئے پاکستان ایجوکیشن انڈاؤمنٹ فنڈ لارہے ہیں، جس سے طلبا اعلیٰ تعلیم حاصل کر سکیں گے،آکسفورڈ یونین کے صدر اصرار خان کاکڑ سے میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ نئے فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم نے جون میں ہونے والے آکسفورڈ یونین میں اصرار خان کاکڑ کی کامیابی پر ان کی تعریف بھی کی، جہاں اس عہدے پر پہنچے والے وہ تیسرے پاکستانی اور بلوچستان سے پہلے نوجوان ہیں۔
وزیر اعظم نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اصرار جیسے نوجوان پاکستان کیلئے فخر کا باعث بنتے رہیں گے، تعلیمی کیرئیر میں اسکالرشپس حاصل کرنا اور بلوچستان کے پسماندہ علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا آکسفورڈ یونین جیسے ادارے کے الیکشن جیت کر صدر منتخب ہونا اعزازکی بات ہے۔
اصرار خان کاکڑ نے آکسفورڈ یونین سے خطاب کی دعوت دیتے ہوئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے اور متواتر مواقع فراہم کرنے پر ان کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اصرار خان کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام نوجوان میرے جیسے ہی ہیں، جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دینا چاہتے ہیں،ملکی ترقی کےلئے نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا۔
وزیر اعظم کی جانب سے اعلان دو سال بعد سامنے آیا ہے، جب انہوں نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی تھی اور 26 ملین بچوں کو سکول میں داخلہ دلانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا تھا،اقوام متحدہ کے چلڈرن ایجوکیشن فنڈز (یونیسف) کے نمائندے عبداللہ اے فدیل نے بتایا کہ 10 سال کی عمر کے 70 فیصد سے زائد بچوں کو پڑھنا اور لکھنا نہیں آتا ہے۔