(ویب ڈیسک)انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے حیران کن ٹولز کے ساتھ اپنے اب تک کے بہترین "پکسل 9" فونز متعارف کرادیئے۔
کمپنی کی جانب سے پہلی بار پکسل 9 کا ایک فولڈ ایبل فون اورپکسل 9 سیریز کے منی فونز بھی پیش کیے ہیں،تمام فونز کو جدید سیٹلائٹ اور اے آئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے، بڑے فونز کو 8۔6 انچ اسکرین جبکہ منی فونز کو 4۔6 انچ اسکرینز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
کمپنی نے پہلی بار پکسل 9 پرو کافولڈ ایبل فون بھی پیش کیا ہے جس کے بعد کمپنی کے حالیہ فونز کو اب تک کے بہترین فونز قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی نے اس بار پکسل 9، پکسل 9 پرو، پکسل 9 پرو ایکس ایل اور پکسل 9 فولڈ ایبل فونز بھی پیش کیے ہیں جس کےساتھ کمپنی نے پکسل واچز سمیت دیگر مصنوعات بھی پیش کی ہیں، پکسل فونز کے کیمرے کی استعداد کار کو بھی بڑھایا گیا ہے، پکسل 9 پرو اور پکسل 9 ایکس ایل کے بیک پر تین کیمرے دیئے گئے ہیں جس میں سے مین کیمرا بھی بڑھا کر 50 میگا پکسل جبکہ دوسرا 48 اور تیسرا 5 میگا پکسل کردیا گیا ہے،اسی طرح سیلفی کیمروں کے پکسلز کوبھی بڑھاکر 8 کے بجائے 12 میگا پکسل کردیا گیاہے۔
ان تمام فونز میں 5 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کو فاسٹ چارجر کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ اس میں جدید ویدر ایپلی کیشنز سمیت دیگر سکیورٹی ایپس بھی دی گئی ہے,پکسل فونز میں تصاویر اور پینٹنگز بنانے کے لیے "کینواس" فیچر بھی بہتر کردیا گیا ہے جبکہ اس بار گوگل کے اے آئی سسٹم جیمنائی کو بھی فونز کاحصہ بنایا گیا ہے۔
عام طور پر فونز کو اکتوبر کے آغاز میں پیش کیا جاتا ہے لیکن اس بار گوگل نے پکسل فونز کو تقریباً دو ماہ پہلے اگست کے وسط میں ہی متعارف کرادیاہے،ان فونز کو فوری طور پر دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش نہیں کیا گیا تاہم 22 اگست کے بعد فونز کمپنی کی پارٹنرز شاپس پر فروخت کے لیے پیش کردیئے جائیں گے ،صارفین فونز کی آن لائن خریداری بھی کر سکتے ہیں۔
پکسل فونز کی کم سے کم قیمت 800 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا دو لاکھ 23 ہزار روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت 1100 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تین لاکھ 7 ہزار روپے تک رکھی گئی ہے۔