کراچی:موٹر سائیکل سواروں کو روند نے والی خاتون ڈرائیور کا جسمانی ریمانڈ منظور

Aug 20, 2024 | 15:36:PM
کراچی:موٹر سائیکل سواروں کو روند نے والی خاتون ڈرائیور کا جسمانی ریمانڈ منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کراچی کے علاقے  کارساز میں گاڑی کی ٹکر سے باپ بیٹی کی موت اور دیگر 5 افراد کو زخمی کرنے والی خاتون ڈرائیور ملزمہ نتاشا کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا ہے ۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے کارساز کے قریب خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں باپ بیٹی موقع پر ہی دم توڑ گئے اور 5 افراد زخمی ہوئے،چار افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔

دل دہلا دینے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 62 سالہ عمران عارف اور 23 سالہ آمنہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ آمنہ کے بھائی اسامہ کا کہنا ہے کہ آمنہ تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی اور نجی کمپنی میں ملازمت کرتی تھی، والد کے ساتھ گھر آتے ہوئے یہ حادثہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ متوفی عارف کے بھائی کی مدعیت میں بہادر آباد تھانے میں درج کیا گیا، حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کی خاتون ڈرائیور بھی زخمی ہے، ملزمہ کو سر پر چوٹ لگی ہے، جناح ہسپتال میں سی ٹی اسکین کیا جارہا ہے،  جس پر آج سماعت کی گئی ۔

عدالت میں سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اپنایاکہ خاتون کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں،جناح ہسپتال میں زیر علاج ہے ضمانت دی جائے۔

جس پر عدالت نےریمارکس دیے کہ ملزمہ کی پیشی کے بغیر ضمانت نہیں دی جاسکتی،عدالت کو ضمانت دینے کا اختیارنہیں،ملزمہ پیش کرنے کے قابل نہیں تواس کا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا جائے۔جس کے بعد عدالت نے ملزمہ نتاشا کاایک دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی حملے، مزید 35 فلسطینی شہید

خیال رہے کہ کارساز کے علاقے میں اسٹیڈیم کے قریب خاتون ڈرائیور نے تیز رفتار گاڑی موٹر سائیکل سواروں پر چڑھا دی، حادثے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔ پولیس اور رینجرز نے موقع پر ہی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں خاتون کی گاڑی بھی اُلٹ گئی جس کے بعد مشتعل ہجوم نے اُس کا گھیراؤ کرنا چاہا لیکن پولیس اور رینجرز نے خاتون کو حراست میں لے لیا۔ خاتون کے میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

اس حوالے سے عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ گاڑی چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی، نشہ کرکے گاڑی چلانے کی تصدیق کے لیے زیر حراست خاتون کا جناح ہسپتال میں طبی معائنہ بھی کرایا گیا۔