(اویس کیانی ) بجلی بلوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کے درمیان بجلی بلوں پر تلخ بیانات کے تبادلے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان رابطہ ہوا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے رہنماؤں کو بجلی بلوں پر بیانات سے روک دیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں طرف سے بجلی بلوں پر بیانات میں تیزی آںے کے بعد وزیراعظم نے معاملے پر فوری نوٹس لیا اور پیپلز پارٹی قیادت سے رابطہ کیاجس کے بعد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ نے فوری طور پر پارٹی رہنماؤں کو بجلی کے ریٹوں پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی پر سختی سے روک دیا۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی موجودگی میں پنجاب میں 14 روپے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد نا صرف پیپلز پارٹی بلکہ ایم کیو ایم نے بھی لیگی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔