ارشد ندیم کے اعزاز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تقریب،60لاکھ روپے انعام کا اعلان 

Aug 20, 2024 | 19:09:PM
ارشد ندیم کے اعزاز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تقریب،60لاکھ روپے انعام کا اعلان 
کیپشن: ارشد ندیم آئی سی سی آئی میں ہونیوالی تقریب میں شریک ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تقریب کا انعقادکیا گیا،صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے ارشد ندیم کو اپنی جیب سے 10لاکھ روپے کا چیک پیش کیاجبکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیداران  کی طرف سے ارشد ندیم کیلئے مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا۔

صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری نے کہاکہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے،قومی ہیرو ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی سے نوجوانوں کو ترغیب ملی ہے، ارشد ندیم اکیڈمی بنا کر نوجوانوں کو کھیلوں کے حوالے سے تربیت دیں تو نوجوان بہت آگے جائیں گے۔

احسن بختاوری نے کہاکہ قومی ہیرو کی جیت سے ملک اور نوجوانوں میں مایوسی کا خاتمہ ہوا، ارشد ندیم جیسے قومی ہیرو کی کامیابی کو ملک گیر سطح پر سیلبریٹ کرنا چاہیے،اگلے اولمپکس میں دعا ہے کہ پاکستان ایک سے زیادہ گولڈ میڈل جیتے،صدر آئی سی سی آئی نے کہاکہ آئی سی سی آئی اور بزنس کمیونٹی اسلام آباد میں ارشد ندیم کے نام پر اکیڈمی قائم کرے گی،ارشد ندیم نوجوانوں کیلئے رول ماڈل ہیں، بزنس کمیونٹی ہمیشہ ارشد ندیم کے ساتھ کھڑی رہے گی، نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کیلئے ہمیں اپنے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہو گا۔

نائب صدر فاد وحید نے کہاکہ ارشد ندیم نے کم ریسورسز کے ساتھ جس طرح کامیابی حاصل کی وہ قابل ستائش ہے۔

کوچ ارشدندیم نے کہا کہ  اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا جذبہ دیکھ کر بہت خوش ہوا ہوں، حکومت کی مدد کے بغیر ملک کو کھیلوں میں آگے لے جانا مشکل ہے۔ 

سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری نے کہاکہ ارشد ندیم نے مایوس قوم میں امید کی نئی کرن پیدا کی ہے، یہ صرف گولڈ میڈل نہیں، پاکستانی قوم کی عزت، وقار کی ایک نشانی ہے، پاکستانی قوم میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، ہم ایٹمی طاقت بنے، اولمپکس میں سب سے زیادہ گولڈ میڈل کیوں جیت نہیں سکتے، بدقسمتی سے پاکستانی قومی کو فرقوں کے نام پر تقسیم کر دیا گیا ہے،ارشد ندیم جیسے قومی ہیرو قوم میں یکجہتی کی علامت ہوتے ہیں، ارشد ندیم نے پوری قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے۔

اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد چیمبر میں مدعو کرنے پر احسن بختاوری اور بزنس کمیونٹی کا مشکور ہوں، 2019 میں ٹوکیو اولمپکس میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، میری کارکردگی اور کامیابی میں میرے کوچ، والدین اور پوری پاکستانی قوم کی دعائوں کا بڑا ہاتھ ہے، قومی ایتھلیٹ نے کہاکہ پنجاب سپورٹس بورڈ اور ایتھلیٹکس بورڈ سمیت دیگر اداروں کا بھی مشکور ہوں، مستقبل میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

 یہ بھی پڑھیں:9 مئی مقدمات میں بشریٰ بی بی کی بریت، بیرسٹر سلمان صفدر نے عمران خان سے متعلق بھی اچھی خبر سنا دی