دو عالمی جنگیں دیکھنے والی معمر ترین خاتون 117برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)دنیا کی معمر ترین انسان ماریہ برینیاس موریرا منگل کو 117 برس کی عمر میں سپین میں انتقال کر گئیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ماریہ برینیاس موریرا امریکہ میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں دونوں عالمی جنگیں دیکھیں۔
جنوری 2023 میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے فرانس کے لیوسل رینڈم کے 118 سال کی عمر میں انتقال کے بعد ماریہ برینیاس کو باضابطہ طور پر دنیا کا معمرترین انسان تسلیم کر لیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ماریہ کی عمر 117 سال اور 168 دن تھی، وہ مجموعی طور پر انسانی تاریخ کی آٹھویں معمر ترین انسان تھیں۔
ماریہ کی فیملی نے ایکس پر ان کے اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’ماریہ برینیاس ہمیں چھوڑ گئیں۔ وہ اپنی خواہش کے مطابق نیند کے دوران پرامن طریقے سے جل بسیں۔ ہم ان کو ان کی محبت اور مشوروں کے لیے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘
ماریہ برینیاس نے گزشہ دو دہائیوں سے سپین کے جنوبی خطے کیٹیلونیہ کے شہر اولوٹ کے سانٹا ماریہ ڈیل تورا نرسنگ ہوم میں رہ رہی تھیں۔ماریہ نے پیر کو ایکس پوسٹ میں خبردار کیا تھا کہ وہ کمزوری محسوس کر رہی ہیں۔