(24 نیوز)انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر نے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ میں تیزی سے پھیلنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیف میڈیکل آفیسر کرس وائٹی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم آئی ہے جو بہت تیزی سے پھیل سکتی ہے اور اس پر ہمیں تیزی سے کام کرنا ہوگا تاکہ یہ زیادہ اموات کا سبب نہ بن سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق یہ نئی قسم جنوب مشرق میں پھیل رہی ہے جبکہ ایڈوائزری گروپ نے بھی نئی قسم کے تیزی سے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ایک طرف جہاں ماہرین اس مہلک وبا کی موثر ویکسین تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں دوسری طرف سائنسدانوں نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس کی ایک اور قسم بھی موجود ہے۔ کورونا وائرس کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے لاک ڈاؤن کے چوتھے درجے کی پابندیاں متعارف کرادی ہیں۔
بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ٹیئر فور کا اطلاق لندن سمیت ساؤتھ ایسٹ کے علاقوں میں اتوار سے ہوگا جبکہ کرسمس پر 5 روز کیلئے نرم کی جانے والی پابندیاں اب صرف ایک روز نرم کی جائیں گی۔