’’اوگرا‘‘ کاپٹرول بحران کی انکوائری رپورٹ چیلنج کرنے کااعلان !!!
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) اوگرا نے اوگرا اتھارٹی نے تیل بحران پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے دی۔رپورٹ کے خلاف تمام فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق رپورٹ میں اوگرا پرلگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انکوائری رپورٹ کا مواد ثابت ہونا ابھی باقی ہے رپورٹ کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ترجمان اوگرا کے مطابق انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف تمام قانونی اور دیگر متعلقہ فورمز سے رجوع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پٹرول کی قلت پر بنائے گئے پٹرولیم کمیشن کی تحقیقات میں سیکرٹری پٹرولیم اور ڈی جی آئل کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔انکوائری کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئل غیر قانونی طور پر کوٹہ مختص کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔سیکرٹری پٹرولیم کے بحران میں کردار کو بھی نظر انداز نہیں کیاجا سکتا۔کمیشن نے دونوں کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی ہے۔
دوسری جانب مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ وفاق کے حکم پر قائم پٹرولیم کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم کو موصول ہوگئی،جلد کابینہ میں پیش کی جائے گی۔