(24 نیوز) ملک بھر میں سردی کا زور بڑھتے ہی ملک بھر میں گیس کی سپلائی کم ہوگئی ہے۔ گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبوں کے لیے گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ سندھ بھرمیں سی این جی اور آرایل این جی سٹیشنز کو گیس کی سپلائی معطل کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گیس کی فراہمی معطل ہے۔ کورنگی انڈسٹریل زون، فیڈرل بی ایریا میں بھی گیس پریشر انتہائی کم ہے۔ لیاری، نارتھ کراچی، سرجانی اور لانڈھی میں گیس کی شدید لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، اورنگی، بلدیہ ارو ملیر میں گیس پریشر انتہائی کم ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ گیس کی ڈیمانڈ بڑھنے کےباعث سی این جی اسٹیشنز بند کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی این جی سٹیشنز کو گیس 23 دسمبر کو بحال کی جائے گی۔
ترجمان پیٹرولم ڈویژن کا کہنا ہے کہ جنوری 2021 کے لیے 12 ایل این جی کارگو جہاز کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ جنوری 2021 کے لیے 30 فیصد زیادہ اور سستی ایل این جی منگوا رہے ہیں۔ سردی کی لہر بڑھنے سے سوئی ناردرن کے سسٹم میں لوڈ 9 فیصد تک بڑھا ہے۔ سوئی سدرن کو کراچی اور کوئٹہ میں کم پریشر کا سامنا ہے۔