مذاکرات کامیاب،وزیراعظم کی رہائشگاہ کے باہر اساتذہ کا دھرنا  ختم

Dec 20, 2020 | 10:05:AM

 (24نیوز) وزیراعظم عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالا کے باہر دھرنا دینے والے اساتذہ نے رات گئے مذاکرات کی کامیابی کے بعد احتجاج ختم کردیا،مظاہرین کو 21 دسمبر بروز پیر  وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت سے ملاقات کروانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

دسمبر کی سخت سردی میں کھلے آسمان تلے دھرنا دئیے بیٹھے پنجاب بھر سے آئے کنٹریکٹ   اساتذہ کے  انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ اساتذہ کے وفد  کو  کمشنر راولپنڈی  کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی  ہے کہ  21 دسمبر کو ان کی ملاقات وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت سے کروائی جائے گی جس کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کردیا۔

اس سے قبل  بنی گالا جانے کی کوشش پر پولیس نے مظاہرین  پر ڈنڈے برسادئیے تھے،اساتذہ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج بھی کیا گیا، آنسو گیس سے خواتین ٹیچرز اور ان کے ہمراہ آئے معصوم بچوں کی حالت غیر ہو گئی۔ پولیس نے احتجاج ختم کرانے کے لیے درجنوں اساتذہ کو گرفتا رکرکے تھانے بھی منتقل کیا۔

پولیس کارروائی کے بعد اساتذہ نے مری روڈ پر دھرنا دے دیا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔احتجاجی  اساتذہ کا موقف تھا کہ وہ 2014 میں این ٹی ایس کا امتحان دینے کے بعد کنٹریکٹ پر بھرتی ہوئے لیکن اب چھ سال نوکری کے بعد دوبارہ پبلک سروس کمیشن کا امتحان دینے کا کہا جا رہا ہے، ہمیں بغیر کسی مزید امتحان کے مستقل کیا جائے۔

دوسری جانب وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس  نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والے اساتذہ مسلم لیگ ن نے بھیجے۔ہم ٹیچرز کے ساتھ دو ہفتے سے مذاکرات کررہے تھے۔

مزیدخبریں