2 نجی بینکوں کا ادغام :  اسحاق ڈار اور دیگر کی گرفتاری کیلئے اجازت طلب

Dec 20, 2020 | 12:17:PM
 2 نجی بینکوں کا ادغام :  اسحاق ڈار اور دیگر کی گرفتاری کیلئے اجازت طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)نیب نے 2 نجی بینکوں کے غیرشفاف ادغام کے ضمن میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار، سٹیٹ بینک کے سابق گورنر اشرف وتھرا اور 6 اعلیٰ افسروں کی گرفتاری کیلئے اجازت طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب  کراچی آفس نے3نومبرکو  کسب بینک اوربینک اسلامی کے غیرشفاف ادغام کے حوالے سے نیب ہیڈکوارٹرزکوآٹھوں افراد کی گرفتاری کے وارنٹ بھجوائے ہیں۔ان میں اسحاق ڈارتو بیرون ملک ،سابق گورنرسٹیٹ بینک اشرف وتھرا، وزارت خزانہ کاسابق سینئرافسر اور سٹیٹ بینک کے پانچ افسران اعلیٰ عہدوں پرفائز ہیں۔ نیب کا کہنا ہے کہ  کیس میں ملوث افراد کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کررہے ہیں۔

آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق سٹیٹ بینک نے7مئی،2015ء کو قانونی تقاضے پورے کئے بغیردونوں بینکوں کو ادغام کی اجازت دی،  بعد ازاں بینک اسلامی کو20 ارب روپے کے رعایتی قرضہ کی سہولت دی گئی۔  بینک اسلامی کو اس غیرمعمولی رعایت دینے سے3.45 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سودے میں کسب بینک کی ایک ہزار روپے قیمت لگائی گئی، وہ بھی 9 ہزار شیئرہولڈرزکے1.95ارب شیئرکے عوض ختم کردی گئی۔بینک کے بڑے شیئرہولڈرز نے سول عدالت میں دعویٰ دائر کردیا جس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان اور وفاقی حکومت سے زرتلافی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اسحاق ڈارکا کہنا  ہے کہ ان اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں، نیب کی اس کارروائی کے پیچھے وزیراعظم عمران خان نیازی ہیں،انہیں جب میرے خلاف کچھ نہیں مل رہا تووہ اس قسم کے سستے سیاسی ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں۔نیب غیرقانونی طورپر لوگوں کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔