(24نیوز) شیخ رشید نے ایک بار پھر اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں وزیر اعظم پانچ سال پورے کریں گے ۔ جس کا دل چاہتا ہے آ جائے لانگ مارچ کرے ۔ ہم استقبال کے لئے تیار ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ جنہوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل دے دیں اپنا شوق پورا کریں۔قوم کو سیاسی مشکلات سے نکال کر آگے لے جائیں گے۔ عمران خان ملک کی معیشت کو بھی بہتر کرے گا ۔
وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ،100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہوگی۔ امیگریشن، نادرا ،پاسپورٹ اور ایف آئی اے سمیت تمام ادارے قوم کی خدمت کے لئے ہوں گے ۔ پہلی مرتبہ23 دسمبر کو وزیر اعظم پولیس لائنز میں تقریب میں شرکت کریں گے ۔ عمران خان کا کریڈٹ ہے کہ پولیس کو پہلی مرتبہ عزت ملنے جارہی ہے ۔اسلام آباد میں تمام چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں ۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفتر کھول رہے ہیں۔جو تحصیلیں رہ گئی ہیں وہاں ہر ہفتے ایک دفتر کھولیں گے۔روزانہ ایک لاکھ شناختی کارڈ جاری کریں گے۔ دس ملکوں میں شناختی اور پاسپورٹ کا نظام ہے ۔ ساری دنیا میں وزارت خارجہ سے مل کر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھجوائیں گے ۔