(24نیوز) کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے 12 لاکھ 6ہزار روپے لیکر وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کا نقشہ منظور کر لیا جس کے بعد وزیراعظم کی رہائش گاہ قانونی قرار دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے وزیراعظم عمران خان پر 12 لاکھ 6 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا ، عمران خان نے جرمانے کی رقم بینک ڈرافٹ کے ذریعے ادا کی ۔
یاد رہے کہ عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی دونوں رہائشی عمارتوں کی ریگولرائزیشن کے لئے سی ڈی اے کو درخواست دی تھی، ڈھائی سو کنال پر مشتمل اپنی رہائشگاہ اوراس سے ملحقہ بیٹھک کی عمارت کے کاغذات جمع کروائے تھے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے عمران خان کے خط پر از خود نوٹس لے لیا تھا۔ عمران خان نے اپنے خط میں کہا تھا کہ بنی گالہ میں لینڈ مافیا سرگرم ہے جو غیر قانونی تعمیرات کررہی ہے جس کے خلاف سی ڈی اے سمیت کوئی بھی متعلقہ ادارہ کارروائی نہیں کررہا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے سی ڈی اے سے معاملے پر تفصیلی جواب طلب کیا تھا۔اس وقت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے بنی گالا تجاوزات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حکم دیا تھا کہ سب سے پہلے عمران خان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا کیونکہ وہ اس کیس میں درخواست گزار ہیں، انہوں نے خود بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کا معاملہ خود اٹھایا تھا، وہ فیصلہ کرکے اپنے گھر کا جرمانہ ادا کریں۔
عمران خان نے جرمانہ ادا کر کے بنی گالہ رہائش گاہ کو قانونی کرا لیا
Dec 20, 2020 | 17:47:PM