مضاربہ کیس ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہیں،چیئرمین نیب

Dec 20, 2020 | 18:59:PM
مضاربہ کیس ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہیں،چیئرمین نیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ دھیلے کی نہیں بلکہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی ،مضاربہ کیسز ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہیں، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، آٹا چینی سکینڈل کی تحقیقات کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
قومی احتساب بیوروکے چیئرمین جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں غربت، افلاس، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی زبوں حالی کی وجہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہے، مضاربہ کیس میں اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر سادہ لوح اور معصوم لوگوں کو لوٹاگیا، لوگوں کو بھاری شرعی منافع کا لالچ دے کر ان کی عمر بھر کی جمع پونجی لوٹی گئی۔چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب کی مو ثر پیروی کے باعث اس کیس میں مفتی احسان اور اس کے ساتھیوں کو 10 سال کی سزا اور 10 ارب روپے جرمانہ ہوا، انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے آئین ساز اسمبلی کے اجلاس میں رشوت ستانی اور اقربا پروری کو بڑا مسئلہ قرار دیا، بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔
جسٹس (ر)جاوید اقبال کاکہناہے کہ نیب وائٹ کالر کرائمز اور سٹریٹ کرائمز میں فرق ہے، نیب اقوام متحدہ کی بدعنوانی کے خلاف کنونشن کے تحت فوکل ادارہ ہے،انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 714 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، نیب کے مختلف عدالتوں میں 1243 بدعنوانی کے کیسز زیر سماعت ہیں جن کی مالیت 943 ارب روپے ہے، ملک سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ نیب وائٹ کالرکرائمز کی تحقیقات کرتاہے،اس کی تحقیقات کے دوران شواہد اکٹھے کرنے کیلئے وقت درکارہوتا ہے کچھ معلومات بیرون ملک سے بھی حاصل کرنا ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آٹا چینی سکینڈل کی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔