عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ افسوس ناک ہے: بلاول بھٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کا بڑا حصہ سیلاب سے متاثر ہوا، عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ افسوس ناک ہے، سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنا ہر فرد اور سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے، تمام جماعتوں کو سیاسی اختلافات بھلا کر ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا کہ مودی کی پارٹی کے ایک رکن نے میرے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے مقرر کی ہے، مودی گجرات کا قصائی ہے اس حقیقت کو غلط ثابت کرنے کا یہ مناسب طریقہ نہیں ہے، نہ ہی ایسے انتہائی قدم اٹھانے چاہئیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے، کسی کو ایٹمی جنگ کی دھمکی نہیں دی، حقائق بیان کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جائیں۔
وزیر خاجہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی راتوں رات ممکن نہیں، اس کے لیے قلیل، درمیانے اور طویل مدتی پلان ترتیب دیئے ہیں، 9 جنوری کو بحالی اور تعمیر نو کے حوالے سے عالمی کانفرنس منعقد کر رہے جس کی صدارت وزیراعظم شہبازشریف اور اقوام متحدہ متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ طور پر کریں گے۔