(24 نیوز) غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل کو دیکھنے کے لئے ہر سال پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک سے آنے والے لاکھوں عمرہ زائرین مکہ مکرمہ میں قائم کسوہ فیکٹری کا رخ کرتے ہیں اور مفید معلومات سے مستفید ہوتے ہیں.
سعودی عرب میں کسوہ فیکٹری سال بھر غلاف کعبہ کو تیار کرتی ہے اور ماہر کاریگر غلاف کعبہ کی تیاری میں حصہ لیتے ہیں جبکہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں سمیت پاکستان اور دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عمرہ زائرین بھی کسوہ فیکٹری کا رخ کرتے ہیں جہاں کسوہ فیکٹری کی انتظامیہ انہیں غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کرتی ہے جبکہ زائرین غلاف کعبہ کی تیاری میں شرکت کرکے خوشی اور روحانی سکون محسوس کرتے ہیں۔
خانہ کعبہ کی تیاری کے لیے نہایت عمدہ "السرسین" نامی ریشم کا دھاگہ استعمال کیا جاتا ہے, عموماً غلاف کے لیے 670 کلوگرام خاص ریشمی دھاگہ استعمال ہوتا ہے اور وسیع وعریض کسوہ فیکٹری میں ماہر کاریگروں کی ٹیم غلاف کعبہ کو تیار کرتی ہے۔ سوتی اور ریشمی دھاگوں کی مدد سے آیات مبارکہ کشیدہ کاری کی جاتی ہےجبکہ آیات کی تزئین کے لیے سونے اور چاندی کے ریشے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔