حکومت نے قومی بچت کی مختلف سکیموں پر شرح منافع میں کمی کردی

Dec 20, 2023 | 20:21:PM

(وقاص عظیم) حکومت کی جانب سے قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں رد و بدل کیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکیٹ کا منافع 14.46 سے کم کرکے 14.34 فیصد کردیا گیا ہے جبکہ پینشنرز، بہبود، شہداء سرٹیفکیٹ کا منافع 16.32 سے کم ہوکر 16.08 فیصد ہوگیا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹ کا منافع 16.08 سے کم کرکے 15.12 فیصد مقرر کیا گیا، اسی طرح اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ کا اوسط منافع 18.17 سے کم کرکے 16.53 فیصد کردیا گیا جبکہ سیونگز سرٹیفکیٹ کا منافع 20.57 فیصد پر برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مہنگائی سے مارے عوام کیلئے بُری خبر، بجلی مہنگی ہوگئی

حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق 5 سالہ سروا اسلامک ٹرم سرٹیفکیٹ کا منافع 15.72 فیصد سے کم کرکے 15.66 فیصد مقرر کیا گیا ہے جبکہ 3 سالہ سروا اسلامک سرٹیفکیٹ کا منافع 18.23 فیصد سے کم کرکے 18.00 فیصد مقرر کردیا گیا ہے۔

اسی طرح ایک سالہ سروا اسلامک سرٹیفکیٹ کا منافع 21.80 فیصد سے کم کرکے 21.37 فیصد کردیا گیا ہے جبکہ سروا سیونگ اکاؤنٹ کا منافع 20.50 فیصد پر برقرار رہے گا۔

مزیدخبریں