سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر کریکر بم حملہ، 2 پولیس اہلکار زخمی

Dec 20, 2023 | 22:28:PM

(ملک اشرف) سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر کے گیراج میں کریکر دھماکا ہوا ہے۔ 

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا سابق چیف جسٹس کی رہائش گاہ احمد بلاک گارڈن ٹاؤن میں ہوا اور دھماکے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق دھماکا گیراج میں ہوا اور اس وقت ثاقب نثار گھر پر موجود تھے۔

علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے دھماکے میں زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سابق چیف جسٹس کے اہل خانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں جبکہ آئی جی پنجاب کا واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے ہیں اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے، دھماکے سے گھر کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ، سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، دھماکہ کی نوعیت کا پتہ چلایا جا رہا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری جانب بم ڈسپازل اسکواڈ نے سابق چیف جسٹس ثاقب ںثار کی رہائشگاہ کو کلئیر قرار دےدیا، بم ڈسپازل اسکواڈ کی ٹیم معائنے کے بعد واپس روانہ ہوگئی، کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین کی ٹیمیں شواہد جمع کرنے جبکہ سی ٹی ڈی سمیت دیگر تفتیشی ٹیمیں کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرنے میں مصروف ہیں۔

مزیدخبریں