فلسطینی سفیر کی کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک سے ملاقات، تعلیم سمیت دیگر امور پر تبادلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم ( او آئ سی) کی قائمہ کمیٹی (کامسٹیک) کے کوآرڈینیٹرل جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سے کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی۔
کامسٹیک سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں کامسٹیک اور فلسطین کے مابین جاری سب سے بڑے سکالرشپ پروگرام سمیت دو طرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئ۔
کامسٹیک نے 2021 میں فلسطینی طلبہ و طالبات کے لیے ایپسیپ ( ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان) اور اپنے کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس کی رُکن جامعات کے ساتھ مل کر 500 فُلی فنڈڈ اسکالرشپس/ فیلوشپس پروگرام کا آغاز کیا جسے 2023 میں 5000 کردیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت کئ فلسطینی طلبہ پاکستان پہنچ چکے ہیں اور فُل ڈگری سکالرشپ پروگرام کے تحت مختلف پاکستانی جامعات میں تعلیم جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ مزید فلسطینی طلبہ کو اسکارشپس دینے اور پاکستان لانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
دوران ملاقات پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ اسرائیل کی حالیہ جارہیت کی وجہ سے فلسطینیوں کا نہ صرف جانی اور معاشی قتل عام ہوا ہے بلکہ کئ سالوں تک نہ حل ہونے والا تعلیمی بحران پیدا کیا گیا ہے تاکہ نوجوان فلسطینی تعلیم سے دور رہیں مگر ہم اپنے فلسطینی طلبہ و طالبات کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے انہیں پاکستان کی صف اول کی جامعات میں مفت تعلیم دینے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے
کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک نے فسلطین کے تعلیمی بحران پر جلد او آئ سی رُکن ممالک کے وزراء تعلیم کی پہلی غیر معمولی کانفرنس کروانے کا عزم اظہار کرتے ہوئے کہا کامسٹیک اس غیر معمولی کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس میں نوجوان فلسطینی طلبہ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات میں فلسطینی سفیر ڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے کامسٹیک کے فلسطینی طلبہ کے لیے 5000 مفت اسکالرشپس پروگرام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ اس سے بڑی " عملی مدد" نہیں ہوسکتی انہوں فلسطینی عوام کی موجودہ مشکلات میں پاکستان اور کامسٹیک کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ ساتھ تعلیمی بحران پر کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے فلسطینی عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کامسٹیک کے پلیٹ فارم سے فلسطینی طلبہ کو پاکستان لانے کے لیے فلسطینی سفارتخانے کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
فلسطین کے سفیر کامسٹیک کے پلیٹ فارم سے جلد مختلف پاکستانی جامعات کا دورہ کریں گے جہاں وہ دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔ فلسطین کے سفیر نے کامسٹیک اسکالرشپ پروگرام کی اسکروٹنی کے مراحل کو مزید موثر اور تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں فلسطینی سفارتخانے اور کامسٹیک کے حکام بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا میں طلاق کی شرح کس ملک میں سب سے زیادہ ہے،حیران کن انکشاف