(24نیوز)قومی اور صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں سے تین حلقوں کے نتائج آگئے ہیں ۔ حکمراں جماعت کو نوشہرہ سے بڑا اپ سیٹ ہوا۔غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ نے پی پی 51 گوجرانوالہ اور پی کے 63 نوشہرہ سے میدان مار لیا۔تحریک انصاف نے این اے 45 کرم کی نشست جے یو آئی (ف) سے چھین لی۔
غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق پی کے 63 نوشہرہ میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے، این اے 75 سیالکوٹ میں ن لیگ کو برتری حاصل ہے۔ پی پی 51 گوجرانوالہ میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ این اے 45 میں پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
نوشہرہ (پی کے 63)
خیبرپختونخوا اسمبلی کےحلقہ پی کے 63 کے تمام 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اختیار ولی 21 ہزار 122 ووٹ لیکر پہلے نمبر پر آئے جبکہ پی ٹی آئی کے میاں عمر 17 ہزار 23 ووٹ حاصل کیے۔ حتمی نتیجہ الیکشن کمیشن جاری کرے گا۔ یہ نشست سابق صوبائی وزیرمیاں جمشید الدین کاکاخیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔پی کے 63 نوشہرہ میں 102پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ اسٹیشن 44 پر پولنگ تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی، پریزائیڈنگ افسر کے مطابق عملے کے دیر سے پہنچنے کے باعث تاخیرہوئی۔نوشہرہ میں ایس اوپیزپربھی سختی سے عمل نظرآیا۔
وزیرآباد(پی پی 51)
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 وزیر آباد میں ضمنی انتخاب کے 162 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی بیگم طلعت محمود 53903 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئیں جبکہ تحریک انصاف کے چوہدری یوسف 48484 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔یہاں کل ووٹرزکی تعداد2 لاکھ 53 ہزار 949 ہے جبکہ 162پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ہوئی۔حلقہ پی پی 51 کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ یہ حلقہ وزیرآباد شہر، سوہدرہ اوردیگردیہاتی علاقوں پرمشتمل ہے۔
ضلع کرم (این اے 45)
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم میں ضمنی انتخاب کے 103 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک فخرزمان 13992 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ آزاد امیدوار حاجی سید جمال 13579 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔این اے 45ضلع کرم کی یہ نشست جے یو آئی کے ایم این اے منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ قبائلی ضلع میں صبح 8 بجےسےہی پولنگ کا عمل جاری تھا جوپانچ بجے تک جاری رہا۔یہاں مجموعی طورپر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ حلقے میں 134 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے تھے۔