ڈسکہ این اے75 : گنتی مکمل۔۔لیکن نتائج کا اعلان کیوں روکا گیا؟

Feb 20, 2021 | 09:06:AM

(24نیوز)ڈسکہ این اے 75 کے باقی رہ جانے والے 23 پولنگ اسٹیشنوں کا رزلٹ ملنے کے بعد گنتی مکمل کرلی گئی ۔ن لیگ کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار کی درخواست پرریٹرننگ افسر نے این اے 75 ڈسکہ کا انتخابی رزلٹ روک دیا۔اب تک کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی سیدہ نوشین افتخار کو تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد پر برتری حاصل ہے۔

دھاندلی اور شدید بدنظمی کی شکایات کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے انتخابی نتائج روک لئے گئے ہیں۔این اے 75 کے نتائج پر چیف الیکشن کمشنر  سینئر افسروں سے مشاورت کررہے ہیں۔ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ این اے 75 سیالکوٹ کا حتمی نتیجہ الیکشن کمیشن کرے گا۔این اے 75 ڈسکہ کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی سیدہ نوشین افتخار97588 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ سیالکوٹ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 94541  ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ نون  نے 23 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا مطالبہ کردیا ہے۔سینئر لیگی رہنما احسن اقبال کہتے ہیں جہاں فائرنگ ہوئی وہاں بھی دوبارہ ووٹنگ ہونی چاہیے۔این اے 75 کا نتیجہ مشکوک ہو گیا ہے۔ این اے 75 کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر گھنٹوں پولنگ بند رکھی گئی، ڈسکہ شہر کے 36 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ گھنٹوں بند رکھی گئی۔

احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فردوس عاشق اعوان کے کنڈکٹ کا نوٹس لے، پی ٹی آئی کے موجود لوگوں نے فردوس عاشق اعوان کے طرز عمل کی مذمت کی۔

ادھر فردوس عاشق اعوان نے دعویٰ کیا ہے کہ این اے 75 ڈسکہ سے پاکستان تحریک انصاف میدان مار چکی ہے، پی ٹی آئی 7827 ووٹوں کی برتری حاصل کرکے میدان مار چکی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا ہے الیکشن سے متعلق تحفظات کو دور کیا جائے ، قانونی طور  پر نتیجہ حاصل کرنا اور  جیت کا اعلان کرنا پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نتیجے کا اعلان کر کے ہمیں اور عوام کوکرب سے نکالے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز این اے 75 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران شدید بدنظمی اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی تھی۔

مزیدخبریں