(24نیوز)پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جبکہ ایک پلیئر اور ایک آفیشل کو بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر آئیسو لیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ایک اہم پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں ایک کھلاڑی کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی گئی، پریس ریلیز کے مطابق اس پلیئر کو ابتدا میں علامات ظاہر ہونے کے بعد آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا تھا، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد متعلقہ کھلاڑی کو مزید 10 روز آئسولیشن میں رہنا ہو گا اور اسکواڈ واپس جوائن کرنے سے قبل دو نیگیٹیو ٹیسٹ کرانا بھی لازمی ہوگا۔
پی سی بی کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک اور ٹیم کے ایک پلیئر اور ایک آفیشل کو بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر تین روز کے لیے آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ان افراد نے بائیو سیکیور ببل سے باہر تیسرے فرد سے ملاقات کی تھی، ان دونوں کو بھی اسکواڈ واپس جوائن کرنے سے قبل دو نیگیٹیو ٹیسٹ رزلٹ لانا ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ کھلاڑی اور آفیشل نے پریکٹس سیشن کے دوران ٹیم مالک سے ملاقات کرلی تھی اور ٹیم مالک بائیو سیکیور ببل کا حصہ نہیں تھے۔