انتظامی مشینری مفلوج، ملک نہیں چل سکتا،عباسی

Feb 20, 2021 | 13:24:PM

(24نیوز) سابق وزیراعظم اورمسلم لیگ ن کے رہنما شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا مقدمہ پاکستان کےعوام کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔ جب تک ووٹ چوری ہو گااورآر او اغوا ہوں گے تب تک یہ ملک نہیں چل سکتا۔اوپر سے نیچے تک ساری انتظامی مشینری مفلوج ہے۔

 اسلام آباد میں میڈیا سے  گفتگوکرتےہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کل  پاکستان میں ضمنی انتخابات میں صوبائی نشستوں پرن لیگ واضح اکثریت سے جیتی ہے۔ ڈسکہ میں بدقسمتی سے بدترین دھاندلی ہوئی اور الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی گئی۔ ڈسکہ میں پی ٹی آئی کے مشیر،معاون خصوصی اور وزرا  اسلحہ کے ساتھ پورا دن گھومتے رہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں تھا۔چیف سیکرٹری بےبس ہے، آئین بے بس ہے، انتظامیہ بے بس ہے۔آج پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو۔

 انتخابی عمل سے متعلق انہوں نے  بتایا کہ ہم نےریٹرنگ افسرسےاضافی ٹائم مانگا تھا لیکن نہیں دیا گیا۔ریٹرنگ افسر شدید دباؤ میں تھے۔ آر او آفس سے تقریبا 20 کلومیٹردور 20 پولنگ اسٹیشنوں کا نتیجہ نہیں آیا اور70 کلومیٹر دور پولنگ اسٹیشنوں کا نتیجہ پہنچا دیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق 20 پولنگ اسٹیشنوں پر سویلین لوگ آئے اور پرائیوٹ گاڑیوں میں عملے کو لے گئے،ان پرائیویٹ لوگوں کا تعلق زمینی مخلوق سے نہیں ہے۔ الیکشن کا عملہ پولنگ ختم ہونے کے13  گھنٹے بعد آر او کے پاس پہنچا۔

 

مزیدخبریں