میرا سوہنا شہر لاہور 5 روز سے انتہائی خطرے میں کیوں؟  

Feb 20, 2021 | 14:38:PM

(24نیوز)  پنجاب کا دل لاہور گزشتہ  5 روز سے انتہائی خطرے کی علامت کو چھو رہا ہے۔ باغوں کے شہر میں فضائی آلودگی نے مستقل طور پر اپنا ٹھکانہ بنا لیا ہے۔ 5 روز میں اوسط شرح آلودگی 367 تک ریکارڈ کی گئی۔ آلودگی کی وجہ سےمختلف امراض میں مبتلا سینکڑوں مریضوں نے سرکاری اور نجی ہسپتالوں  کا رخ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز شہر کا مجموعی ائیر کوالٹی انڈیکس 231 ریکارڈ کیا گیا۔ کنٹونمنٹ کے علاقہ میں آلودگی کا تناسب 578 تک ریکارڈ  کیا گیا۔ گلبرگ 393 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے، ماڈل ٹاؤن 308 سے تیسرے نمبر پر رہا۔ شملہ پہاڑی اور گڑھی شاہو میں اے کیو آئی 288 تک ریکارڈ کیا گیا۔ ڈی ایچ اے 244، ائیر پورٹ کے علاقہ میں 277 اے کیو آئی رہا۔ایک ہفتے کے دوران شہر کی آلودگی کی شرح 3 بار بلند ترین سطح پر گئی۔ پیر کے روز اوسط 302 جبکہ سب سے زیادہ آلودہ علاقہ میں 485 اے کیو آئی ریکارڈ ہوا۔ منگل کو شہر میں اوسط شرح آلودگی 321 جبکہ بدھ کے روز اوسط 337 رہی۔ جمعرات کو اوسط 315 جبکہ سب سے زیادہ آلودہ علاقے میں 405 اے کیو آئی ریکارڈ ہوا۔

صوبائی دارالحکومت میں فضائی تناسب خطرناک ہونے کے باوجود محکمہ ماحولیات کے اقدامات دکھائی نہ دئیے۔ ائیر پوائنٹرز اور ائیر کوالٹی مانیٹر سٹیشنز ایک ہفتے سے بند پڑے ہیں۔ آن لائن ڈیٹا بھی 2 فروری کے بعد اپ ڈیٹ نہ ہوسکا۔ اس حوالے سےمحکمہ ماحولیات کے حکام کا کہنا ہے کہ 50 فیصد فضائی آلودگی گاڑیوں کے دھویں سے پھیل رہی ہے، 15 فیصد انڈسٹری اور 10 فیصد تعمیراتی منصوبوں سے دھواں شامل ہو رہا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ فضا میں آلودگی کی وجہ سے لاہور شہر میں آنکھ، ناک، کان اور گلہ کے مریضوں میں اچانک اضافہ ہوگیا۔ ایک ہفتے کے دوران میو ہسپتال جنرل، سروسز اور جناح ہسپتال میں سینکڑوں مریض رپورٹ ہوئے۔ 

مزیدخبریں