امریکا:پاکستانی نژاد بزنسمین کو  لابنگ ، جعلسازی کرنے پر12 سال قید

Feb 20, 2021 | 14:59:PM

(24 نیوز) امریکا میں فیڈرل جج نے اعلیٰ سطح کے امریکی حکام کیلئے لابنگ کرنے اور غیر ملکی ایجنٹ کی حیثیت سے اپنے کام کو چھپانے کیلئے جعل سازی کے الزام میں پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کار کو 12 سال قید کی سزا  اور 17 لاکھ 50 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا اور ایک کروڑ 57 لاکھ ڈالر معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا کے رہائشی اور پاکستان میں پیدا ہونیوالے 50 سالہ عماد زبیری نےدسمبر 2016 میں ٹرمپ کی افتتاحی کمیٹی کو 9 لاکھ ڈالر کا عطیہ کیا تھا۔وہ 2012 میں صدر براک اوباما کی دوبارہ انتخابی مہم کے لئے بڑے پیمانے پر فنڈز دینے والے تھے۔انہوں نے ہلیری کلنٹن کی 2016 کی صدارتی مہم کے لیے کم از کم ایک لاکھ ڈالر کا فنڈ دیا تھا اور 2014 میں ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم اور 2015 میں کیلیفورنیا کے اس وقت کے اٹارنی جنرل کمالا ہیرس کے لیے بھی فنڈز جمع کئے تھے۔

اکتوبر 2019 میں انہوں نے ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیز، دونوں کے ممبران کیلئے انتخابی مہم کے ذریعے لابنگ، مہم سازی، فنانس اور ٹیکس قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا جرم قبول کیا تھا۔استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ یہ خلاف ورزیاں امریکی انتخابات میں غیر ملکی رقم کی منتقلی اور اسے امریکی پالیسی سازی کے عمل کو خراب کرنے کے لیے استعمال کرنے کی ایک بڑی خفیہ کوشش کا حصہ تھیں۔انہوں نے عدالت سے عماد زبیری کے اس دعوے کو مسترد کرنے کی اپیل کی کہ امریکی پالیسی سازی اور انتخابات پر اثرانداز ہونے کے لیے پیسہ خرچ کرنا ہی امریکا کے کام کرنے کا طریقہ تھا۔استغاثہ نے عماد زبیری پر الزام عائد کیا کہ وہ غیر ملکی شہریوں اور غیر ملکی حکومتوں کے نمائندوں کو واشنگٹن میں اپنے اثر و رسوخ کو امریکی خارجہ پالیسی میں ردوبدل اور اپنے کلائنٹس کیلئے کاروبار کے مواقع پیدا کرنے کی پیش کش کرتے ہیں۔پراسیکیوٹرز نے دعوی کیا کہ غیر ملکی اداروں سے 2012 اور 2016 کے درمیان 5 سالوں میں غیر قانونی رقم اکٹھی کی گئی تھی تاہم ان فنڈز کے ذرائع کو ظاہر نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں