یہ  دو شخصیات کا مقابلہ نہیں 2پارٹیوں اور اتحاد کا ہے،حفیظ شیخ

Feb 20, 2021 | 16:33:PM
 یہ  دو شخصیات کا مقابلہ نہیں 2پارٹیوں اور اتحاد کا ہے،حفیظ شیخ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) تحریکِ انصاف کے سینٹ کے امیدوار ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کہتے ہیں کہ سینٹ انتخابات میں مقابلہ میرے اور گیلانی کے درمیان نہیں 2 پارٹیوں اور اتحاد کے درمیان ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ عمران خان کی حکومت آئی تو ملک شدید بحران کا شکار تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات کو محدود کیا گیا، ابتدا پی ایم ہاؤس سے ہوئی، پچھلی حکومت میں ڈالر کے ریزرو آدھے سے بھی کم ہو گئے تھے۔پی ٹی آئی کے سینٹ امیدوار نے کہا کہ بنگلا دیش اور بھارت کی برآمدات کم اور پاکستان کی بڑھ رہی ہیں، کوئی بھی ملک خوشی سے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاتا۔

حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ میں نے یوسف رضا گیلانی کی وزارتِ عظمیٰ کے دوران ان کے ساتھ کام کیا ہے، ہماری خواہش ہے کہ سینٹ انتخابات شفاف طریقے سے ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کیلئے کچھ کرنا چاہتی ہے، پاکستان تحریکِ انصاف کے سینٹ کے امیدوار  نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم ہاؤس نے ملکی معیشت مستحکم کرنے کیلئے بہت سے سخت فیصلے بھی کئے، پاکستان کو پائیدار بنیاد پر مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ دنیا بھر کی برعکس پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، ہماری خواہش ہے کہ سینٹ الیکشن صاف اور شفاف ہوں، الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو۔