عمران خان کا آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ

Feb 20, 2023 | 10:26:AM

 (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمران خان نے بالآخر لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے اتوار کو لاہور میں پارٹی کے جیل روڈ آفس میں اجلاس ہوا جس سے عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب کیا۔

عمران خان نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو جیل بھرو تحریک کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کی، اجلاس میں جیل بھرو تحریک کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔

اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں پی ٹی آئی وسطی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف بھرپور تیاری کے ساتھ جیل بھرو تحریک کا  آغاز کرنے جا رہی ہے، عمران خان آج لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، عمران خان کی پیشی کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے باہر مظاہرہ کرنے اور رکن قومی اسمبلی پر حملے کے کیس میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے حلف نامے اور وکالت نامے پر عمران خان کے مختلف دستخط کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں آج طلب کیا تھا۔

عدالت نے عمران خان کو آج طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت میں آ کر حلف پر دستخط کی وضاحت کرنا ہوگی، عدالت نے پیش نہ ہونے پر توہین عدالت کا عندیہ دیا تھا۔

مزیدخبریں