(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے صدر مملکت عارف علوی کو خبردار کر دیا۔
رانا ثناء اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صدر علوی "آ بیل مجھے مار" والے کام نہ کریں، آئین کی حد میں رہیں، صدر کے دفتر کو بلیک میلنگ کا اڈہ نہ بنائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دینے سے صدر کا کوئی لینا دینا نہیں، عارف علوی خوامخواہ ٹانگ نہ اڑائیں، صدر الیکشن کیمشن کو غیرقانونی اور غیر آئینی احکامات پر مجبور نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن آپ کا غلام نہیں کہ جو آپ کہیں وہ مانے، عمران خان نے معیشت، خارجہ تعلقات اور قومی مفادات کو نقصان پہنچایا، اب ریاستی سربراہ کے منصب کو سازش کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ایوان صدر ایوان سازش بن چکا ہے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، عمران خان کی ٹائیگر فورس نہیں بننے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال کر غیر آئینی طور پر انتخابات کی تاریخ لینے کی کوشش ہو رہی ہے، صدر عارف علوی نے آئین شکنی کی تو آرٹیکل چھ کا سامنا کرنا ہوگا، آئین کو ٹھوکر ماری تو علوی صدر نہیں رہیں گے، علوی صدر بنیں، عمران خان کی کٹھ پتلی نہ بنیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ صدر علوی کی وفاداری آئین سے ہونی چاہیے، عارف علوی قومی اسمبلی تحلیل کر کے پہلے ہی آئین شکنی کر چکے ہیں، سپریم کورٹ کی تشریح کے مطابق صدر کا عہدہ علامتی ہے، سپریم کورٹ کے مطابق کسی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ساز باز صدر کے منصب اور حلف کی خلاف ورزی ہے۔