ملک بھر میں بارش نے رنگ جما دیا، بالائی علاقوں میں برفباری کے دلفریب مناظر

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز ) ملک بھر میں بارش نے رنگ جما دیا، کوہسار مری نےبھی سفید چادر اوڑھ لی ,بالائی علاقوں میں برفباری کے دلفریب مناظر سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور، چیچہ وطنی، فیروز والا، گوجرہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارش ، اسلام آباد، راولپنڈی،چکوال، آزاد کشمیر کے بھی مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، پشاور میں موسلا دھار بارش ہونے سے موسم سرد ہوگیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں باران رحمت ہوئی، کوئٹہ سمیت مختلف شہریوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، خنکی بڑھ گئی، سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، گھوٹکی، اوباڑو اور گردونواح میں بارش ہوئی۔
مزید پڑھیں:تیز ہواؤں اور گر ج چمک کیساتھ بارش،محکمہ موسمیات نے بڑی نوید سنا دی
پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں آج مزید بارش کی پیش گوئی کردی گئی، خطہ پوٹھوہار میں ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا۔
لاہور میں بھی رات گئے سے شروع ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ،بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے شہر لاہور کے موسم میں بدلاؤ آگیا،بوندا باندی کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ تاحال مختلف علاقوں میں جاری ہے،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کے امکان ہے۔
ملکہ کوہسار مری نےبھی سفید چادر اوڑھ لی،ضلعی انتظامیہ کے مطابق مری کے اونچے پہاڑوں پر اب تک 5 انچ تک برف پڑھ چکی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔
بالائی علاقوں میں برف باری کے دلفریب مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں،پارا چنار منفی 4، کالام، مالم جبہ، چترال میں بھی درجہ حرارت منفی میں ریکارڈ ہوا جب کہ دیر بالا میں درجہ حرارت صفر ریکارڈ ہوا۔