ایپل کی آئی فون 16 سیریز کا سستا ترین فون متعارف

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)ایپل نے آئی فون 16 سیریز کا سب سے سستا ماڈل صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ۔
آئی فون 16 ای کو کمپنی کی جانب سے 19 فروری کو متعارف کرایا گیا جس میں ہوم بٹن نہیں دیا گیا، اس طرح اب ایپل کی تمام ڈیوائسز ہوم بٹن فری ہوگئی ہیں۔
یہ نیا آئی فون 2022 کے آئی فون ایس ای کی جگہ لے گا جس میں ٹچ آئی ڈی بٹن (ہوم بٹن) دیا گیا تھا اور اس سیریز کے نئے ماڈل کو آئی فون 16 سیریز کا حصہ بنا کر ایس ایس سیریز کو ختم کر دیا گیا ہے۔
اس نئے فون کا ڈیزائن آئی فون 14 جیسا ہے مگر فیچرز کے لحاظ سے یہ کافی حد تک آئی فون 16 جیسا ہے،فون کے اندر آئی فون 16 والی اے 18 چپ موجود ہے جبکہ اس میں 6.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے یعنی اسکرین کے لحاظ سے بھی کافی حد تک آئی فون 16 جیسا ہے۔
فون کے بیک پر 48 میگا پکسل کیمرا موجود ہے اور اس لحاظ سے آئی فون 16 سے پیچھے ہے،مگریہ کیمرا بھی 2x زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
ایپل نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ بیٹری لائف کے لحاظ سے اب تک کا سب سے بہترین آئی فون ہے جو سنگل چارج پر آئی فون 11 کے مقابلے میں 6 گھنٹے زیادہ چلتا ہے،اسی طرح اس کی بیٹری 2016 کے آئی فون ایس ای کے مقابلے میں 12 گھنٹے زیادہ دیر تک کام کرتی ہے۔
فون ان لاک کرنے کے لیے صارفین فیس آئی ڈی کو استعمال کرسکتے ہیں جبکہ چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی سپورٹ دی گئی ہے۔
آئی او ایس 18 سے لیس اس فون میں ایپل انٹیلی جنس ماڈل سپورٹ دی گئی ہے جبکہ سائیڈ پر ایکشن بٹن دیا گیا ہے مگر اسے کیمرا کنٹرول کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھیں:امریکامیں مقابلہ حسن جیتنے والی دوشیزہ حادثے کا شکارہوگئیں
اس طرح یہ ایپل کا اب تک کا سب سے سستا اے آئی فون بھی ہے،یہ ایپل کا پہلا آئی فون ہے جس میں کمپنی کا تیار کردہ موڈیم استعمال کیا گیا ہے جو سیٹلائیٹ کنکٹیویٹی کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے،اس میں ایمرجنسی ایس او ایس، روڈ سائیڈ اسسٹنٹس، میسجز اور سیٹلائیٹ کے ذریعے فائنڈ مائی فون جیسے فیچرز استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
یہ آئی فون سفید اور سیاہ رنگ میں 28 فروری سے مختلف ممالک میں دستیاب ہوگا،اس کی قیمت 599 ڈالر سے شروع ہوگی اور یہ اس وقت دستیاب ایپل کا سب سے سستا آئی فون ہوگا کیونکہ آئی فون ایس 3 کو کمپنی کی جانب سے ختم کیا جا رہا ہے۔